پوری قوم کواس میوزیم پر فخر ہوگا، کام جلد شروع ہونے کی اُمید:لیفٹیننٹ گورنر
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ریاسی میں ماتا ویشنو دیوی کے بیس کیمپ کٹر ہ میں دیوی دیوتاؤں کا ایک میوزیم جس میں ہندوستان بھر کے بڑے‘دیوتا ‘یاتری مقامات کی نقلیں اور نمائندگی کی جائے گی۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا میوزیم ہے جو خصوصی طور پر دیوی دیوتاؤں کیلئے وقف ہے اور اس منصوبے کیلئے ماہرین کو تفویض کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ مجھے امید ہے کہ (اس پر) جلد ہی کام شروع ہو جائے گا۔منوج سنہا نے کہاکہ ملک میں دیوی کا پہلا بین الاقوامی میوزیم کٹرہ میں قائم ہونے والا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ کٹرا، اور درحقیقت پوری قوم کو اس میوزیم پر فخر ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ کٹرا میں تریکوٹہ پہاڑیوں میں ماتا ویشنو دیوی کا مندر ہے جہاں ہر سال دنیا بھر سے 80سے90لاکھ یاتری عبادت کے لیے آتے ہیں۔حکام کے مطابق، میوزیم میں شکتی پیٹھوں کے ساتھ ساتھ’دیویوں‘کے لیے وقف بڑے مندروں کی نقلیں ہوں گی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ کٹرہ میں مجوزہ میوزیم دیوی ویشنو دیوی اور اس خطے سے وابستہ روحانی، ثقافتی اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرے گا اور امید کی جاتی ہے کہ ایک اہم یاتری اور سیاحتی مقام کے طور پر کٹرا کی پوزیشن کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوںنے کہاکہ اس اقدام کا مقصد دیوی روایات اور شکتی پوجا سے متعلق تحقیق اور علم کے لیے ایک عالمی مرکز تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی بھرپور روحانی اور ثقافتی میراث کے تحفظ اور نمائش کی طرف ایک اہم قدم ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ میوزیم کا تصور ایک عالمی معیار کے ادارے کے طور پر کیا گیا ہے جومندر اور جموں و کشمیر کے وسیع علاقے سے جڑی داستانوں، روایات، نوادرات اور تاریخی داستانوں کی دستاویز کرے گا۔حکام نے کہاکہ یہ یاتریوں کو مندرسے منسلک عقیدے، فن اور فن تعمیر کے بارے میں گہری بصیرت بھی فراہم کرے گا۔عہدیداروں نے کہا کہ اس پہل سے کٹرا کی شناخت کو عالمی روحانی مقام کے طور پر مزید مضبوط کرنے کی امید ہے، جو ہندوستان اور بیرون ملک سے یاتریوں، پجاریوں اور سیاحوں کو راغب کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ سے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے، سیاحت کی ترقی اور جموں و کشمیر میں پائیدار ترقی کے لیفٹنٹ گورنر کے وسیع تر وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے ساتھ ہیریٹیج سیاحت کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی معیشت کو سہارا دینے کی بھی توقع ہے۔
جاوید مرچال سمیت کئی وفود لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//کرناہ سے رُکن اسمبلی جاوید احمد مرچال کی قیادت میں ایک عوامی وفد نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور حلقہ انتخاب کے مختلف ترقیاتی مسائل پیش کئے ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ خالد شجاعت بڈھانہ اور پیرزادہ الیاس بھی موجود تھے۔ممبر اسمبلی نے لیفٹیننٹ گورنر کو آگاہ کیا کہ کرناہ ایک سرحدی اور دشوار گزار علاقہ ہے جہاں عوام کو بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ایس ڈی ایم کی عدم تعیناتی کا مسئلہ اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث عوام کو انتظامی امور کے لیے طویل فاصلہ طے کر کے کپواڑہ جانا پڑتا ہے۔انہوں نے ٹاڈ، گبرہ اور ٹیٹوال میں فائر سروس سٹیشن قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ممبر اسمبلی نے سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار میں ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی، طبی آلات کی فراہمی اور بنیادی سہولیات میں بہتری کا معاملہ بھی لیفٹیننٹ گورنر کے نوٹس میں لایا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ایس ڈی ایم کی تعیناتی آئندہ ہفتے عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار کو مزید فعال بنانے کے ساتھ ساتھ فائر سروس کے قیام کے حوالے سے بھی متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات دی جائیں گی۔ اس کے بعد مختلف وفود بشمول آل جموں و کشمیر کرسچن سبھا ، کنک منڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن ، پتنی ٹاپ ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی ۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو ایم ایس نازکی کی تنصیف کردہ کتاب بہ عنوان ’’ دی بیٹل آف ہل کاکا ‘‘ پیش کی گئی ۔اس دوران ضلعی ترقیاتی کونسل سرینگر کے چئیر مین آفتاب ملک نے بھی منوج سنہاسے ملاقات کی جبکہ سابق ایم ایل سی اور سینئر بی جے پی لیڈر وِبودھ گپتا نے بھی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ سینئر بی جے پی لیڈر منیش شرما نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی ۔