عاصف بٹ
کشتواڑ // سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ ضلع میں تین جیش ملی ٹینٹوں کے گروپ کو تلاش کرنے اور اسے بے اثر کرنے کے لئے برف سے ڈھکے ہوئے چھاترو، چنگام اور سنگھپورہ میں جاری آپریشن کو تیز کر دیا ہے۔ حکام نے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ خدمات کو سنگھ پورہ، چنگام اور چھاترو کے چھ کلومیٹر کے دائرے میں عارضی طور پر معطل رکھا گیا تاکہ جاری آپریشن کے دوران ملک دشمن عناصر کے ذریعہ اس کے غلط استعمال سے بچا جا سکے۔اس علاقے میں آپریشن 18 جنوری کو شروع کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں مندرال سنگھ پورہ کے قریب سونار جنگل میں ایک شدید جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک حوالدار ہلاک اور سات فوجی زخمی ہوئے۔
اگرچہ ملی ٹینٹ گھنے جنگل اور مشکل علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، لیکن سیکورٹی فورسز نے دو فٹ سے زیادہ برفباری کے باوجود ان کی تلاش جاری رکھی۔فوج اور ملی ٹینٹوںکے درمیان 22 جنوری کو مالی ڈانا ٹاپ پر اور 25 جنوری کو جانسیر کنڈیوار میں دو مزید مقابلے ہوئے لیکن وہ ایک بار پھر جنگل کے علاقے میںفرار ہوئے۔حکام نے محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم کے حوالے سے بتایا کہ سنگھ پورہ، چنگام اور چھاترو میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کو 30 جنوری کو12 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا ہے۔جاری آپریشن کے دوران 23 جنوری کو علاقے میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا گیا تھا۔معطلی کا حکم انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون نے دیا تھا، جو ٹیلی کمیونیکیشن سروسز رولز 2024 کی عارضی معطلی کے تحت مجاز افسر ہیں۔