رمیش کیسر
نوشہرہ //بیری پتن تحصیل کے سرحدی گاؤں امب گھوڑی میں فوج نے تلاشی کارروائی کے دوران ایک اے کے–47 رائفل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مناور دریا کے قریب مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد عمل میں لائی گئی۔جانکاری کے مطابق فوجی دستے علاقے میں معمول کی گشت اور نگرانی پر مامور تھے جب انہیں دریا کے کنارے مشکوک اشیاء کی موجودگی کا شبہ ہوا۔ اس کے بعد سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ تلاشی کے دوران جھاڑیوں اور پتھریلے حصے کے قریب سے ایک اے کے–47 رائفل برآمد کی گئی، جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔فوج اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تلاشی کارروائی تیز کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ہتھیار وہاں کیسے پہنچا اور آیا اس کا تعلق کسی غیر قانونی سرگرمی سے ہے یا نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آس پاس کے علاقوں میں بھی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تلاشی مہم کے باعث کچھ وقت کیلئے نقل و حرکت محدود رہی، تاہم صورتحال پرامن ہے۔ سیکورٹی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ چیز یا سرگرمی کی اطلاع فوراً قریبی پولیس یا فوجی چوکی کو دیں۔