عظمیٰ نیوزسروس
نئی د ہلی//یوم جمہوریہ کی تقریبات میں جموں و کشمیر کے ٹیبلو کی شاندار کارکردگی کے بعد، سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنسز کے وزیر مملکت (آزاد چارج) اور وزیر مملکت، دفترِ وزیراعظم، پرسنل، عوامی شکایات و پنشن، ایٹمی توانائی اور اسپیس، ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے آج ٹیبلو ٹیم کے اعزاز میں ہائی ٹی گیٹ ٹوگیدر کا اہتمام کیا۔گزشتہ روز کرتویہ پتھ پر منعقدہ پریڈ میں جموں و کشمیر کے ٹیبلو نے خطے کی ثقافتی تنوع کو بھرپور اور دلکش انداز میں پیش کر کے عوامی و قومی سطح پر بے پناہ تعریفیں حاصل کیں۔ اس موقع پر وزیر نے فنکاروں، ڈیزائنرز اور متعلقہ اہلکاروں سے فرداً فرداً اور اجتماعی طور پر ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے ٹیبلو ٹیم کو منظم انداز اور اجتماعی محنت پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس نے جموں و کشمیر کی ثقافتی گہرائی کو ملک بھر کے ناظرین تک مؤثر انداز میں پہنچایا، جس سے دور بیٹھے ہوئے افراد بھی خطے کی روایات، رنگ اور ثقافتی تال میل سے جڑ سکیں۔وزیر نے کہا کہ اس طرح کی ثقافتی نمائشیں وزیر اعظم نریندر مودی کے وسیع تر قومی وژن کے مطابق ہیں، جہاں بھارت کی ترقی کا سفر اس کی تہذیبی وراثت سے جڑا ہوا ہے۔ مقامی روایات، دستکاری اور کمیونٹی لائف کو قومی سطح پر پیش کرنا اس بات کی علامت ہے کہ ثقافتی اعتماد اور ترقی ایک ساتھ آگے بڑھنی چاہیے۔ٹیبلو میں دکھائے گئے مناظر میں لیونڈر کے بنفشی کھیت، بسوہلی کی نفیس مِنی ایچر آرٹ اور متحرک لوک رقص کی روایات شامل تھیں، جو جموں و کشمیر کی فنکارانہ دولت اور ثقافتی تسلسل کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ علاقائی شناختیں قومی دھاگے میں کس طرح اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ٹیبلو کی بصری کہانی ایک شاندار کندہ کاری والے سماور سے شروع ہوئی جو کشمیری مہمان نوازی کی علامت ہے، اس کے بعد روایتی لکڑی کی عمارتیں اور ہاؤس بوٹ کی تصاویر پیش کی گئیں۔ مرکزی حصہ میں جموں کے دیہی تھڈّا پر ڈوگرہ چھجا پرفارمنس کے ذریعے کمیونٹی لائف اور روایات کی تسلسل کو دکھایا گیا۔ رووف، کود، جاگرنا، پہاڑی، گوجری اور دمال جیسے متحرک لوک رقصوں نے توانائی اور حرکت پیدا کی، جبکہ رنگین پیپرماشی کے دستکاری کے آرٹ فیکٹس کے شو نے جموں و کشمیر کو تخلیق اور ہنر کا زندہ کینوس پیش کیا۔وزیر نے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ روایتی فنون کو محفوظ رکھیں اور جدید پلیٹ فارمز پر ان کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ترقیاتی راہ، وِکسِت بھارت۔2047، نہ صرف اقتصادی ترقی اور تکنیکی پیش رفت سے، بلکہ اس کی ثقافتی جڑوں اور کمیونٹی کی شرکت کی طاقت سے بھی تشکیل پائے گی۔