عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منگل کے روز وادیٔ کشمیر میں تازہ برفباری کے باعث سڑک، ریل اور فضائی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔ حکام کے مطابق سری نگر–جموں قومی شاہراہ بند کر دی گئی ہے جبکہ سری نگر ایئرپورٹ پر 25 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ نو یوگ ٹنل کے اطراف میں برفباری کے بعد سری نگر–جموں قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاجموں یا سری نگر کی جانب سے کسی بھی قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت نہیں ہے۔
عہدیدار کے مطابق مغل روڈ، سری نگر–سونمرگ–گمری اور سنتھن روڈ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، برفباری کے باعث ریل سروس بھی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے اور دو مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ سنگلدان سے بڈگام کے درمیان چلنے والی ٹرین بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
اسی دوران، خراب حدِ نگاہ (ویژبیلٹی) کے سبب سری نگر ایئرپورٹ پر 25 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک سفر سے گریز کریں۔
مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں اور تازہ معلومات کے لیے صرف سرکاری ٹریفک ایڈوائزری پر ہی انحصار کریں ـ
برفباری سے آمدورفت متاثر، قومی شاہراہ بند، ریل سروس میں خلل، 25 پروازیں منسوخ، سینکڑوں مسافر درماندہ