بلال فرقانی
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس کے 52افسران اور اہلکاروں کو 76ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر بہادری اور خدمات کے تمغوں سے نوازا گیا ہے۔ ایک سرکاری بیان میں فہرست میں 17افسران شامل ہیں جنہوں نے شاندار خدمات کا تمغہ حاصل کیا، 33اہلکار جنہیں تمغہ برائے بہادری سے نوازا گیا، جب کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے عہدے کے دو افسران نے صدر کا تمغہ برائے امتیاز خدمات حاصل کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ “بہترین خدمات کے لیے میڈل سے نوازے جانے والوں میں تین انسپکٹر جنرل آف پولیس ،محمد سلیمان چودھری، سجیت کمار اور وویک گپتا شامل ہیں‘‘۔اس کے علاوہ، دو سینئرافسران، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حسیب مغل اور نشا نتھیال کو ممتاز خدمات کے لیے صدر کا تمغہ دیا گیا‘‘۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس کے 33اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران بہادری کے کاموں کے لیے میڈل فار گیلنٹری سے نوازا گیا۔ دیگر وصول کنندگان میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہمت سنگھ، چمپا دیوی شرما، اور خوشونت سنگھ، انسپکٹر انیل شرما؛ ڈی ایس پی گرمیت سنگھ؛ انسپکٹر ریاض احمد لانگو، اسسٹنٹ سب انسپکٹر شام لال، ہیڈ کانسٹیبل گوپال سنگھ،انسپکٹر سردار سنگھ، نیرج کمار کول، اور مشتاق احمد بھٹ، کانسٹیبل توحید احمد ٹھوکر اور شب کمار اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر بلوندر سنگھ بالی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جاوید احمد لون، محمد اشرف، اور موہن لال، انسپکٹر یونس خان،اسسٹنٹ سب انسپکٹر دیویندر کمار،ہیڈ کانسٹیبل شبیر احمد ناروارو اور کئی دیگر افسران اور رینک کے اہلکار شامل ہیں۔بہادری سے نوازنے والوں میں آئی پی ایس افسر تنوشری، سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس شبیر نواب، اور متعدد انسپکٹرز، ہیڈ کانسٹیبل، سلیکشن گریڈ کانسٹیبل، اور فورس کے مختلف اضلاع اور یونٹس کے کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک جموں حسیب مغل | صدارتی پولیس میڈل برائے امتیازی خدمات سے سرفراز
بلال فرقانی
سرینگر// ڈاکٹر محمد حسیب مغل آئی پی ایس (2009)، جو اس وقت ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی)ٹریفک، جموں زون کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، کو یوم جمہوریہ، 2026 کے موقع پر ان کی مثالی خدمات کے اعتراف میں صدر پولیس میڈل برائے امتیازی خدمات سے نوازا گیا ہے۔جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ علاقے کے رہنے والے ڈاکٹر مغل کا تعلیمی ریکارڈ شاندار ہے۔ انہوں نے بی ایس سی (آنرز) اور ایم ایس سی گولڈ میڈل( علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) اور جامعہ ہمدرد یونیورسٹی، نئی دہلی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ڈاکٹر مغل مرکزی علاقے میں کئی اہم آپریشنل اور قائدانہ عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی ایس پی آپریشنز کارگوسرینگر، اور ایس ڈی پی او کوٹھی باغ، سرینگر کے طور پر خدمات انجام دی ہیں، اس کے علاوہ پانچ اضلاع ، جن میں ہندواڑہ، کشتواڑ، بارہمولہ، راجوری اور سرینگر شامل ہیں،کی سربراہی بھی کی ہے۔خاص طور پر، انہوں نے سال (2019-2021) میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد انتہائی نازک دور میں ایس ایس پی سرینگر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، بے مثال سیکورٹی چیلنجوں کے درمیان امن و امان کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ ایس ایس پی ویجیلنس جموں، سی آئی ڈی کشمیر، اور ٹریفک نیشنل ہائی وے ونگ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ابھی حال ہی میں، انہوں نے ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج (2022-2024) کے طور پر ڈی آئی جی ٹریفک، جموں زون کا چارج سنبھالنے سے پہلے خدمات انجام دیں، جہاں وہ اس وقت تعینات ہیں۔ڈاکٹر مغل کا ممتاز خدماتی ریکارڈ ان متعدد اعزازات سے ظاہر ہوتا ہے جو انہیں گزشتہ برسوں میں ملے ہیں۔ ان میں میرٹوریس سروس کے لیے صدر کا پولیس میڈل، بہادری کے لیے تین پولیس میڈل، میرٹوریس سروس کے لیے پولیس میڈل، اور پولیس میڈل فار گیلنٹری شامل ہیں۔اس کے علاوہ، انہیں ان کے بہترین پیشہ ورانہ طرز عمل اور ڈیوٹی کے لیے لگن کے لیے آرمی کمانڈر، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، وائس چیف آف نیول سٹاف، اور ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف کی طرف سے تعریفی ڈسک سے نوازا گیا ہے۔
ایوارڈ یافتگان کو ایل جی کی مبارکباد
عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کے روز جموں کشمیر پولیس کے افسروں، اہلکاروں اور اصلاحی خدمات کو مبارکباد پیش کی جنہیں تمغہ بہادری، صدر کا تمغہ برائے امتیازی خدمات، اور تمغہ برائے امتیازی خدمات سے نوازا گیا ۔ انہوں نے کہا”جموں کشمیر پولیس کے بہادر افسران اور اہلکاروں کو دلی مبارکباد، جنہیں یوم جمہوریہ 2026 کے اس مبارک موقع پر تمغہ برائے بہادری، صدارتی تمغہ برائے امتیازی خدمات، اور تمغہ برائے امتیازی خدمات سے نوازا گیا ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا’’میں ان اہلکاروں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہیں تمغہ برائے امتیازی خدمات سے نوازا گیا ہے۔ ملک جموں و کشمیر پولیس کی ہمت اور لگن کی گہرائیوں سے تعریف کرتا ہے، آپ کی بہادری اور سالمیت قوم کے لیے فخر کی روشنی کے طور پر چمکتی رہے‘‘ ۔ایل جی نے پدم شری حاصل کرنے والے برج لعل بھٹ اور شفیع شوق کو بھی مبارک باد پیش کی ہے۔