عظمیٰ نیوز سروس
راجوری/پونچھ//راجوری اور پونچھ اضلاع میں دو دن تک جاری رہنے والی برف باری اور بارش کے بعد اتوار کے روز موسم نے اچانک کروٹ لی اورکل صبح سے ہی تیز دھوپ نکل آئی، جس سے سردی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ مسلسل خراب موسم کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے تھے تاہم دھوپ نکلنے کے بعد عوام نے راحت محسوس کی اور روزمرہ سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونا شروع ہو گئیں۔گزشتہ دو دنوں کے دوران پیر پنجال کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری جبکہ میدانی اور نشیبی علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
اس دوران درجہ حرارت میں خاصی گراوٹ آئی، جس سے سردی کی لہر مزید تیز ہو گئی تھی۔ کئی علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار رہیں جبکہ دیہی علاقوں میں لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اتوار کی صبح جیسے ہی بادل چھٹے اور سورج پوری آب و تاب کے ساتھ نمودار ہوا تو ماحول یکسر بدل گیا۔ برف سے ڈھکی پہاڑیاں اور درخت دھوپ میں چمک اٹھے، جس نے قدرتی مناظر کو مزید دلکش بنا دیا۔ دھوپ نکلنے سے نہ صرف لوگوں کو سردی سے وقتی نجات ملی بلکہ برف پگھلنے کا عمل بھی شروع ہو گیا، جس سے سڑکوں کی حالت بہتر ہونے کی امید ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل دو روزہ خراب موسم کے بعد دھوپ نکلنا کسی نعمت سے کم نہیں۔ بازاروں میں دوبارہ چہل پہل نظر آئی جبکہ دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر سرگرمیوں میں بھی تیزی آنے لگی۔ خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور کسانوں نے دھوپ نکلنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔دوسری جانب کسانوں کے مطابق حالیہ بارش اور برف باری فصلوں اور باغبانی کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی کیونکہ اس سے زمین میں نمی بڑھی ہے اور پانی کے قدرتی ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اگر آئندہ چند دن موسم صاف رہا تو زرعی سرگرمیوں پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔