عظمیٰ نیوزسروس
اُدھم پور//مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وزارتِ اعظم دفتر ، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاء، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اُدھم پور سے شہری ہوائی خدمات کے آغاز کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اعلان کیا کہ اُدھم پور ایئر فورس سٹیشن کے اندر ایک عبوری ٹرمینل عمارت کے ساتھ شہری پروازیں شروع کی جائیں گی۔اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھارتی فضائیہ اور ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے درمیان قریبی تال میل کے ساتھ اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ سہولیات اور عبوری انتظامات کے تحت آئندہ 6سے 7ماہ کے اندر پروازوں کا آغاز متوقع ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اسی دوران قریبی اراضی، جس کا رقبہ تقریباً 28ایکڑ ہے، کے حصول اور ایک مکمل ٹرمینل کی تعمیر کا عمل بھی جاری ہے، تاکہ تقریباً تین برس کے اندر ایک مکمل ایئرپورٹ کو ترقی دی جا سکے ۔
وزیر موصوف نے کہا کہ 2014کے بعد چناب خطے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور وزیر اعظم کی براہ راست نگرانی میں جامع اور علاقائی ترقی کے حکومتی وژن کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی کے وعدے کو پورا کیا ہے اور چناب بیلٹ کے لیے متعدد کنیکٹیوٹی آپشنز کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سکریٹری شہری ہوابازی کی قیادت میں ہونے والے مسلسل اور فعال اجلاسوں کی بدولت فیصلوں میں تیزی آئی ہے اور محکموں کے درمیان مسائل حل کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر سنگھ نے مزید بتایا کہ مستقبل میں اُدھم پور میں مکمل ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے اضافی زمین کے حصول کی تجویز پر کام جاری ہے، جس میں عمر عبداللہ کی قیادت والی یوٹی حکومت کا تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے دفاعی ایئر فیلڈ سے شہری پروازوں کے آغاز میں تعاون اور سہولت فراہم کرنے پر بھارتی فضائیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ہوائی رابطے کے متعدد فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس اقدام سے پورے چناب خطے میں سفر آسان ہوگا اور سماجی و معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے بالخصوص چار اضلاع مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اُڑان سکیم کے تحت کشتواڑ میں بھی اسی طرح کے کنیکٹیوٹی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، جس سے علاقائی رسائی میں مزید توسیع ہوگی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اُدھم پور تیزی سے ایک بڑا کنیکٹیوٹی حب بن کر ابھر رہا ہے، جہاں ہوائی، ریل اور سڑک،تینوں ذرائع سے سفر کی سہولت دستیاب ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اُدھم پور ریلوے سٹیشن کو امرت ریلوے سٹیشن کے طور پر ترقی دی گئی ہے اور اس خطے کو ایکسپریس کوریڈور کے ذریعے بھی جوڑا جا رہا ہے، جس سے دہلی اور دیگر بڑے شہروں تک سفر مزید آسان ہو جائے گا۔