اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بھدرواہ کو چمباہماچل پردیش سے ملانے والی سڑک پر تھنالہ گائوں کے نزدیک کھنی ٹاپ کے مقام پرفوج کی ایک بکتر بند گاڑی( کیسپر) جو فوجی جوانوں کو ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کے لئے لے جا رہی تھی، کو حادثہ پیش آیا اور کیسپر گہری کھائی میں گر گئی، جس سے 10 فوجی ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ بھدرواہ-چمبا بین ریاستی سڑک پر اس وقت پیش آیا جب4آر آر کی بلٹ پروف گاڑی،پر ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا جو 200 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔گاڑی میں کم سے کم 3 فوجی آفیسر بھی سوار تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ صبح ساڑھے دس کے آس پاس پیش آیا اور اطلاع ملتے ہی نزدیکی سیکورٹی فورسز اور پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئے اور فوج اور پولیس کا مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔کافی مشکلات کے باوجودجائے مقام سے چار فوجیوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جب کہ 17 دیگر اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ کیسپر گاڑی حادثہ میںبری طرح تباہ ہو گئی تھی۔بعد ازاں مزید 6 زخمی فوجی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔عہدیداروں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 10 کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے خصوصی علاج کے لیے ادھم پور کے کمانڈ ہسپتال لے جایا گیا، ایک اور سپاہی بھدرواہ کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زیر نگرانی ہے اور اس کی حالت “مستحکم” بتائی گئی ہے۔وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “ایک بدقسمت واقعے میں، فوج کی ایک گاڑی جو آپریشن کے لیے فوجیوں کو لے کر جا رہی تھی، ڈوڈہ کے عام علاقے میں خراب موسم میں سڑک سے پھسل گئی۔
زخمی اہلکار
حادثے میں زخمیوں ہونے والے اہلکاروں میںنائیک جے پی سنگھ، انوپ سنگھ، نیرج کمار، ابھیمانو کمار سنگھ، امن، سپاہی شنکر کمار،جونیئر کمیشنڈ آفیسر ناگیش کمار،سپاہی راکیش کمار،سپاہی شنکر کمار،نائیک جوبن جیت اورسندیپ کمار شامل ہیں۔
صدر،وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کا اظہارِ رنج
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی // صدر،وزیر اعظم،وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ڈوڈہ روڈ حادثہ میں فوجی جوانوں کے جانی نقصان پر اظہار دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ فوجی جوانوں کی قیمتی جانیں ضائع ہونے پر دکھی ہوں، ملک انکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں ے متاثرہ خاندانوں کیساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کیساتھ فوجی جوانوں کو خراج عقیدت ادا کیا۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نےX پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ اس واقعے سے “بہت تکلیف میں” ہیں اور مارے گئے فوجیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا، “میں جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں سڑک حادثے سے بہت دکھی ہوں۔ میں ان بہادر فوجیوں کے خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہیں ہم نے اس المناک واقعے میں کھو دیا ہے،” ۔وزیر دفاع نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “ڈوڈہ میں ہونے والے المناک سڑک حادثے پر گہرا دکھ ہوا ، غمزدہ خاندانوں کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے۔
ایل جی اور وزیر اعلیٰ کا اظہارِ تعزیت
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ نے ڈوڈہ واقعہ کو دلدوز قرار دیا۔ایل جی سنہا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “ہم اپنے بہادر سپاہیوں کی شاندار خدمات اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔” ایل جی نے کہا کہ “گہرے دکھ کے اس لمحے میں، پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور حمایت میں کھڑی ہے،” انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے سینئر حکام کو بہترین ممکنہ علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا”سوگوار خاندانوںسے میری دلی تعزیت۔انہوں نے فوری بچا ئو اور انخلا کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔آرمی کے ناردرن کمانڈر نے کہا کہ جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما اور کمانڈ کے تمام رینک بہادروں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان فوجیوں کی بے وقت موت پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے بدقسمت گاڑی کے حادثے میں اپنی جانیں گنوائیں۔ “ناردرن کمانڈ برادرانہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑا ہے اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہے،” ۔