عاصف بٹ
کشتواڑ // کشتواڑ میں سونار بندراڑ سنگھپورہ میں انکوانٹر کے بعدجاری آپریشن کے مقام سے 5کلو میٹر آری گام جنگلات میں جمعرات کی صبح ملی ٹینٹوں اور 2پیرا فوجی یونٹ کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا، جس کے بعد اور کوئی فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہوا۔پولیس نے بتایا کہ جمعرات کی صبح10.45سے 12.30 تک طرفین کے درمیان فائنگ کا تبادلہ ہوا جب فوج کی ایک تلاشی پارٹی پہلے جھڑپ کی جگہ سے 5کلو میٹر دور دوسری طرف جنگل میں تلاشی لے رہی تھی۔اس فائرنگ کے تبادلے میں فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا جسے فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز لیجایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کے 2گروپ موجود ہوسکتے ہیں۔اس سے 4روز قبل جنگل کے دوسری طرف سونار سنگھپورہ میں فائرنگ کے تبادلے میں 2پیرا کا حوالدا گجیندر سنگھ ہلاک جبکہ مزید 7اہلکار زخمی ہوئے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے جنگل میں خون کے دھبے دیکھے ہیں اور غالباً سنگھپورہ جھڑپ کے دوران ایک ملی ٹینٹ زخمی ہوا ہے جو فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔اس علاقے میں 2پیرا یونٹ کے مزید دستے شامل کرلئے گئے ہیں۔حکام کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پہلے ہی نگرانی اور چیکنگ کو تیز کرکے بارڈر سیکورٹی گرڈ اور ہائی وے سیکورٹی کو مضبوط کیا ہے۔کشتواڑ میں، سونار، مندرل-سنگھ پورہ اور چھاترو پٹی کے ملحقہ علاقوں میں اضافی دستوں کو متحرک کیا گیا تاکہ ملی ٹینٹوں کی تلاش میں تیزی لائی جا سکے، جسے فوج نے ‘آپریشن ترشی-I’ کا نام دیا ہے۔ پیر کو تصادم کے مقام کے قریب ملی ٹینٹوں کے ایک بڑے ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا اور کئی افراد کو پوچھ گچھ کے لیے اٹھایا گیا۔