اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے ایڈیشنل ضلع بھدرواہ میں کھنی ٹاپ کے مقام پرپیش آئے المناک حادثہ میں 10 فوجی جوان از جان و 10 دیگر زخمی ہوئے ہیں ـ
اطلاعات کے مطابق جمعرات کی دوپہر راشٹریہ رائفلز یونٹ بھدرواہ کی ایک گاڑی کھنی ٹاپ کے مقام پر سڑک سے نیچے تقریباً دو سو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے 10 فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں اور 10 دیگر زخمی ہوئے ہیںـ
اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں، پولیس و راشٹریہ رائفلز نے بچاؤ کاروائی شروع کی ہے اور اس حادثہ کا شکار ہوئے اہلکاروں کو بھدرواہ ہسپتال منتقل کیا ہے جہاں سے ابتدائی رپورٹ کے مطابق سبھی اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں اودھمپور ہسپتال بذریعہ پہلی کاپٹر منتقل کیا ہے ـ
ادھر لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، “ڈوڈہ میں ایک افسوسناک سڑک حادثے میں ہمارے 10 بہادر فوجیوں کی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا ہے۔ ہم اپنے بہادر سپاہیوں کی شاندار خدمات اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ اس گہرے دکھ کی گھڑی میں پوری قوم سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ 10 زخمی فوجیوں کو ہسپتال ایئرلفٹ کیا گیا ہے۔ سینئر حکام کو بہترین ممکنہ علاج یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔
بھدرواہ کے کھنی ٹاپ میں فوجی گاڑی حادثہ کا شکار 10 اہلکار جاں بحق، 10 دیگر زخمی