مشتاق الاسلام
پلوامہ //للہارہ کاکاپورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کا سنگین بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ دریائے جہلم میں پانی کی مسلسل کمی اور بعض مقامات پر سوکھنے جیسی صورتحال کے باعث للہارہ کاکاپورہ کی واٹر سپلائی سکیم طویل عرصے سے غیر فعال پڑی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد صاف پینے کے پانی سے محروم ہو چکے ہیں۔ باشندوں کا کہنا ہے کہ واٹر سپلائی سکیم علاقے کی بنیادی ضرورت تھی، تاہم دریائے جہلم کے بہاؤ میں کمی کے بعد یہ سکیم مکمل طور پر ناکارہ ہو گئی۔ گھروں تک نلوں کے ذریعے پانی کی فراہمی بند ہے، جس کے باعث عوام کو دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ خواتین، بزرگ اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہیں، جبکہ روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ مکینوں کے مطابق اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے محکمہ جل شکتی سے کئی مرتبہ تحریری اور زبانی طور پر رجوع کیا گیا، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہر بار صرف یقین دہانیاں دی گئیں اور عملی طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ سکیم کی مرمت، متبادل واٹر سورس یا پمپنگ سسٹم کی بحالی جیسے اقدامات فائلوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ عوام پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں۔عوام نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زمینی حقائق کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے للہارہ کاکاپورہ واٹر سپلائی سکیم کو فوری بحال کرے، متبادل ذرائع سے پانی کی فراہمی یقینی بنائے اور برسوں سے زیر التوا اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے، تاکہ لوگوں کو بنیادی انسانی حق صاف پینے کے پانی سے مزید محروم نہ رہنا پڑے۔