سٹیل سلیگ ٹیکنالوجی پر جموں و کشمیر میں ورکشاپ اگلے ہفتے:جتندر سنگھ
عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پائیدار سڑکوں کی تعمیر کیلئےسٹیل سلیگ پر مبنی ٹیکنالوجی کے استعمال کی سفارش کی ہے، خاص طور پر دشوار گزار اور پہاڑی علاقوں میں۔ انہوں نے کہا کہ ہمالیائی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال اب بھی محدود ہے اور اسے ہدفی آگاہی اور تربیت کے ذریعے تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (TDB) اور وشاکھاپٹنم کی نجی کمپنی ’’راموکا گلوبل ایکو ورک پرائیویٹ لمیٹڈ‘‘ کے درمیان ’ایکو فکس‘ نامی گڑھے بھرنے کے تیار شدہ مکسچر کی تجارتی پیداوار کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ایجنسیوں کو اس ٹیکنالوجی سے واقف کرانے کے لیے ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں۔وزیر نے بتایا کہ سٹیل سلیگ ٹیکنالوجی پر دو روزہ ورکشاپ اگلے ہفتے جموں و کشمیر میں منعقد ہوگی، جس کے بعد دیگر ریاستوں اور یوٹیوں میں بھی ایسی ورکشاپس ہوں گی۔ اس کا مقصد سڑک تعمیراتی محکموں کے انجینئروں اور افسران کو اس کے استعمال اور فوائد سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم تعمیراتی سیزن، زیادہ بارش اور بار بار سڑکوں کے خراب ہونے کی وجہ سے ہمالیائی اور پہاڑی ریاستیں اس ٹیکنالوجی سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتی ہیں، مگر زمینی سطح پر آگاہی یکساں نہیں ہے۔ٹیکنالوجی کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے بتایا کہ اس کے تجربات تقریباً دو سال قبل گجرات کے شہر سورت اور شمال مشرقی ریاستوں بشمول اروناچل پردیش میں پائلٹ منصوبوں کے ذریعے شروع ہوئے تھے۔ بعد ازاں کرناٹک، اتر پردیش، آسام، گجرات، جھارکھنڈ اور آندھرا پردیش میں بھی اس کا مختلف سطحوں پر استعمال کیا گیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کئی ممکنہ صارفین، بشمول بعض ریاستوں کے سینئر انجینئرز، اب بھی اس ٹیکنالوجی سے ناواقف ہیں، جس سے فعال تشہیر کی ضرورت ظاہر ہوتی ہے۔اس موقع پر ’ایکو فکس‘ کو تجارتی طور پر متعارف کرانے کے معاہدے کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ یہ پروڈکٹ سی ایس آئی آرسنٹرل روڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (CRRI) نے تیار کی ہے اور TDB کی مدد سے مارکیٹ میں لائی جا رہی ہے۔ اس میں پروسیس شدہ لوہے اور اسٹیل سلیگ کا استعمال کیا گیا ہے، جو صنعتی فضلے کو تعمیری مواد میں تبدیل کرتا ہے، اور یہ گیلی یا پانی بھری حالت میں بھی استعمال کی جا سکتی ہے، جس سے مرمت کا وقت اور ٹریفک میں رکاوٹ کم ہوتی ہے۔حکام کے مطابق اس ٹیکنالوجی کی لیبارٹری اور فیلڈ سطح پر جانچ کی جا چکی ہے اور نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ روایتی طریقوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار اور کم لاگت ہے۔ اسٹیل سلیگ کا استعمال قدرتی وسائل پر انحصار کم کرنے اور صنعتی فضلے کے مسئلے کے حل میں بھی معاون ہے۔