یو این آئی
دہرادون//امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ بدھ کو دو روزہ دورے پر اتراکھنڈ کے رشی کیش پہنچیں گے۔ اس دوران وہ مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ شاہ کی آمد کے لیے سکیورٹی انتظامات کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔سرکاری ذرائع نے منگل کو بتایا کہ شاہ بدھ کی دوپہر 02:45 بجے رشی کیش کے سورگ آشرم میں واقع گیتا بھون میں ’گیتا پریس‘ کی جانب سے شائع ہونے والے ماہانہ رسالے ’کلیان‘ کے صد سالہ نمبر کی رسم اجراء کی تقریب سے خطاب کریں گے۔ جبکہ اگلے دن جمعرات کو صبح 10 بجے ہریدوار میں پتنجلی یوگ پیٹھ، مہارشی دیانند گرام میں پتنجلی ایمرجنسی اینڈ کریٹیکل کیئر ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وہ 10:45 بجے گائتری تیرتھ، شانتی کنج (ہریدوار) میں اکھنڈ جیوتی کے درشن کریں گے۔مرکزی وزیر داخلہ سوا گیارہ بجے بیراگی دیپ، ہریدوار میں ماتا بھگوتی دیوی شرما کی صد سالہ سالگرہ اور اکھنڈ دیپ کے سو سال مکمل ہونے کے موقع پر گائتری پریوار کی جانب سے منعقدہ صد سالہ تقریب 2026 میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وہ دہلی روانہ ہوں گے۔ ان کے اس دو روزہ مصروف شیڈول کے پیش نظر مرکزی اور ریاستی سکیورٹی ایجنسیوں نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔