عظمیٰ نیوز سروس
جموں// چونکہ جموں و کشمیر اسمبلی کا بجٹ اجلاس 2 فروری کو شروع ہونے والا ہے، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو یہاں اہم محکموں کے ساتھ پری بجٹ مشاورت شروع کی۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایاکہ عبداللہ نے محکمانہ ترجیحات اور، عوامی ضروریات کا جائزہ لیا اور یونین ٹیریٹری کے مجموعی ترقیاتی اہداف کے ساتھ تجاویز کو ہم آہنگ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیر اعلی نے تمام خطوں میں متوازن ترقی کو یقینی بنانے کے لیے عوام پر مبنی اقدامات، موثر خدمات کی فراہمی اور جامع ترقی پر زور دیا۔عبداللہ، جن کے پاس وزارت خزانہ کا قلمدان بھی ہے، نے پاور ڈیو لپمنٹ، ہائوسنگ اور شہری ترقی، خزانہ، ریونیو، جنرل ایڈمنسٹریشن، قانون، انصاف اور پارلیمانی امور، سیاحت، انفارمیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت8 محکموں کے ساتھ وسیع تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ مشاورتی عمل 21جنوری اور 22جنوری کو 15دیگر اہم محکموں کے ساتھ جاری رہے گا۔ 21اور 22جنوری کو وہ اپنے کابینہ کے وزرا کی سربراہی میں محکموں کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔نوٹس کے مطابق، محکمہ خزانہ نے وزرا، وزیر اعلیٰ کے مشیر، چیف سیکرٹری، اور انتظامی سیکرٹریوں کو اجلاسوں میں شرکت کے لیے کہا ہے۔2026-27کا بجٹ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ 6فروری کو اسمبلی میں پیش کریں گے۔ یہ دوسرا بجٹ ہو گا جو وزیر اعلی خود پیش کریں گے۔رواں مالی سال کا بجٹ انہوں نے 7مارچ 2025 کو ایوان میں پیش کیا۔