عاصف بٹ
کشتواڑ //کشتواڑ ضلع کے ایک دور افتادہ جنگلاتی علاقے میں اتوار کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوںکے درمیان مسلح تصادم میں 2پیرا فوجی یونٹ کا ایک حوالدار ہلاک جبکہ 7 دیگراہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 3شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کمانڈ ہسپتال ادہم پورمنتقل کردیا گیا۔علاقے میں پیر کے روز دوسرے دن میں آپریشن جاری رہا جس کے دوران اونچے پہاڑی علاقے میں ملی ٹینٹوں کا ایک مستقل ہائیڈ اوٹ پایا گیا۔پولیس نے بتایا کہ اتوار کو دوپہر کے قریب چھاترو علاقے میں مندرل-سنگھپورہ کے قریب سونار گائوں میں جیش محمد کے کم سے کم تین ملی ٹینٹوں پر مشتمل گروپ کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملی جس کے بعد دن کے 11.30بجے فوج کی 2پیرا اور 11آر آر کے علاوہ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے تلاشی کارروائی شروع کی۔پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران پیشقدمی کررہی فوجی پارٹی پر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور گرینیڈ داغے جس کے بعد طرفین کے درمیان شدید جھڑپ شروع ہوئی جو کافی دیر تک جاری رہی۔اس فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے 8اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 3شدید زخمیوں کو ادہم پور فوجی ہسپتال لیجایا گیا جہاں حوالدار گجیندر سنگھ نے درمیانی رات آخری سانس لی۔پولیس کا کہنا ہے کہ اتوارشام ساڑھے چھ بجے تک علاقے میں رک رک کر فائرنگ ہورہی تھی۔ جھڑپ کے بعدعلاقے میں انٹر نیٹ کی رفتار کم کرلی گئی اور ڈورون کی مدد سے ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی کوشش کی گئی۔سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور ملی ٹینٹوں کے فرار ہونے کے ممکنہ راستوں کو سیل کرلیا گیا ۔ تاہم گھنے جنگل کی وجہ سے کارروائی کو پیر تک ملتوی کیا گیا۔
دوسرا دن
حکام نے بتایا کہ فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کی متعدد ٹیمیں، جنہیں ڈرونز اور سونگھنے والے کتوں کی مدد حاصل کی ہے۔دو سے تین ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ جو مبینہ طور پر جیش محمد سے وابستہ ہے، خیال کیا جاتا ہے کہ وہ علاقے میں پھنسا ہوا ہے۔حکام نے بتایا کہ آپریشن دن کی پہلی روشنی کے ساتھ دوبارہ شروع ہوا اور شام ہونے تک جاری رہا۔سیکورٹی فورسز نے پیر کی سہ پہر اسی علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ایک پختہ ہائیڈ اوٹ کا پتہ لگایا۔ہائیڈ اوٹ جنگلات کے اوپری پہاڑی علاقے میں موجود تھا جس میں ملی ٹینٹوں کیلئے کھانے پینے کی سبھی چیزیں،برتن،رسوئی گیس، کمبلیں دستیاب تھیں۔ ہائیڈ اوٹ کے ایک طرف بڑے پتھر رکھے گئے تھے جبکہ ایک طرف بارش سے بچنے کیلئے پالی تھین بھی ڈالا گیا تھا جس پر درخت کے پتے ڈالے گئے تھے۔ یہ انکائونٹر اس سال جموں خطے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان ہونے والی تیسری لڑائی ہے۔ پچھلے تصادم بالترتیب 7 اور 13 جنوری کو کٹھوعہ ضلع کے بلاور علاقے میں کہوگ اور نجوٹ کے جنگلات میں ہوئے تھے۔گزشتہ سال 15 دسمبر کو ادھم پور ضلع کے مجلتا علاقے کے سوان گائوں میں تصادم میں ایک پولس افسر مارا گیا تھا۔