عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے پیر کے روز کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پنڈتوں کی واپسی کشمیر کی’’خوبصورتی اور ہم آہنگی‘‘کی بحالی کے لیے نہایت ضروری ہے۔چودھری نے نیشنل کانفرنس کے رہنما ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دیرینہ موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،ڈاکٹر فاروق عبداللہ ہمیشہ کہتے آئے ہیں کہ اگر کشمیری پنڈتوں کی جموں و کشمیر میں بازآبادکاری ہو جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ کشمیر کی خوبصورتی اور ہم آہنگی واپس لوٹ آئے گی۔ حقیقی بھائی چارے کی بحالی کے لیے کشمیری پنڈتوں کی واپسی ضروری ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کشمیری پنڈت برادری کے بغیر کشمیر کی خوبصورتی ادھوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی واپسی سے وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مشہور مہمان نوازی دوبارہ زندہ ہوگی جس کے لیے کشمیر پورے ملک میں جانا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا،امید ہے کہ مرکزی حکومت اس سمت میں جلد فیصلہ کن اقدامات کرے گی تاکہ کشمیری پنڈت جلد از جلد کشمیر واپس آ سکیں۔
پنڈتوں کے بغیر کشمیر نامکمل ہے: نائب وزیر اعلیٰ