۔18افراد کیخلاف کیس درج،27لاکھ کا جرمانہ عائد،20لاکھ کی اشیاء ضائع
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر محکمہ فوڈ سیفٹی کی جانب سے غیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم کے ابتدائی 7ماہ کے دوران 23,707 نمونوں کی تشخیص کی گئی ۔ اس ددران 617 نمونے ناقابل استعمال ، غیر معیاری ، غلط لیبلنگ اور گمراہ کن دعویٰ کرنے کی پاداش میں استعمال کرنے پر روک لگا دی گئی جبکہ 18افراد کے خلاف کیس درج کئے گئے۔ محکمہ فوڈ سیفٹی نے خلاف ورزی کرنے والوں پر 27 لاکھ 9 ہز ار 600 کا جرمانہ عائد کیا جبکہ 20لاکھ 93 ہزار 972روپے کے مالیت کی اشیاء کو بھی ضبط کر کے ضائع کیا گیا۔ محکمہ کے مطابق اکتوبر مہینے تک 23 ہزار 707 نمونوں کی جانچ پڑتال کی گئی ۔ قانونی نمونوں کی تعداد 3908 تھی جن میں سے 68نمونے ناقابل استعمال، 262 غیرمعیاری، 22 میں غلط لیبلنگ جبکہ 7میں کمپنی نے گمراہ کن دعوے کئے تھے۔
اس کے علاوہ خصوصی سرولنس مہم کے دوران 2704نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں سے 46 ناقابل استعمال، 34غیر معیاری، 28میں غلط لیبلنگ اور 2 کے نمونوں کے بارے میں کمپنیوں کو گمراہ کن دعوے کا مرتکب پایا گیا ۔ اس کے علاوہ محکمہ فوڈ سیفٹی نے مارکیٹ چیکنگ کے دوران 17095نمونوں کا تجزیہ کیا، جن میں سے صرف 15نمونے ناقابل استعمال جبکہ 133 کو غیر معیاری قرار پایا گیا۔ اس دوران محکمہ نے 883افراد کے خلاف نوٹسیں جاری کیں۔محکمہ کو مجموعی طور پر 821شکایتیں موصول ہوئیں، جن میں721کا نپٹارا کیا گیا ۔ 18دکانداروں کے خلاف کیس درج کئے گئے جبکہ 39کمپنیوں کی اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی۔ محکمہ کے اسسٹنٹ کمشنر ہلال احمد میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’غیرمعیاری کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں اورفوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی جاری رہے گی۔ ‘‘