محتشم احتشام
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے تاجروں کی تنظیم بیوپار منڈل اور پولیس انتظامیہ کے درمیان ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی۔ یہ اجلاس بیوپار منڈل کے صدر راجیو ٹنڈن کے دفتر میں منعقد کیا گیا، جس میں تاجر برادری کے نمائندوں کے ساتھ پولیس افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کی صدارت نیرج شرما، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) ہیڈکوارٹر پونچھ نے کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد تاجروں کو موجودہ سیکورٹی چیلنجز سے آگاہ کرنا، بازاروں میں حفاظتی انتظامات کو مضبوط بنانا اور پولیس و عوام کے درمیان تال میل کو مزید بہتر بنانا تھا۔میٹنگ کے دوران پولیس افسران نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنے کاروباری مراکز اور اطراف کے علاقوں میں گہری نظر رکھیں۔ اس موقع پر واضح ہدایات دی گئیں کہ کسی بھی غیر متعلقہ یا مشکوک شخص کی نقل و حرکت کی فوری اطلاع پولیس یا متعلقہ سیکورٹی ایجنسیوں کو دی جائے ساتھ ہی بازاروں اور دکانوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور ان کی مسلسل فعالیت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔پولیس افسران نے اس بات کو دوٹوک انداز میں اجاگر کیا کہ عوامی تعاون، بالخصوص تاجر برادری کی شمولیت، کسی بھی مجرمانہ سرگرمی یا دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ اس ضمن میں شہری بیداری کو سب سے مضبوط حفاظتی حصار قرار دیا گیا۔اس موقع پر بیوپار منڈل پونچھ کے صدر راجیو ٹنڈن نے پولیس انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پونچھ کی تاجر برادری ملک کی سلامتی اور شہر کے امن کے لئے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر پولیس کے آنکھ اور کان بن کر کام کریں گے تاکہ شرپسند عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ڈی ایس پی نیرج شرما نے تاجروں کے مثبت کردار اور تعاون کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی بیداری ہی جرائم اور دہشت گردی کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس تاجروں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے اور کسی بھی اطلاع پر فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔میٹنگ خوشگوار اور اعتماد پر مبنی ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جسے ضلع پونچھ میں امن و امان کے استحکام کی سمت ایک اہم اور مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔