جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ بالاکوٹ میں دوسرے روز بھی آگ لگنے کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک ایک درجن سے زائد بارودی مواد کے دھماکے ہو چکے ہیں۔ خوش قسمتی سے ان واقعات میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔اطلاعات کے مطابق آگ ایل او سی کے قریب واقع ایک خالی اور غیر آباد جنگلاتی اراضی تک پھیل گئی تھی، جہاں پرانے اور ناکارہ بارودی مواد کی موجودگی کے باعث وقفے وقفے سے دھماکے ہوتے رہے۔ دھماکوں کی آوازیں دور دراز علاقوں تک سنی گئیں، جس کے بعد مقامی آبادی نے فوری طور پر انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کو اطلاع دی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور سیکورٹی فورسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حفاظتی اقدامات شروع کئے گئے۔ احتیاطی تدابیر کے تحت قریبی آبادی کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ متاثرہ علاقہ غیر آباد اور ویران تھا، اس لیے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، تاہم خطرے کے پیش نظر مسلسل نگرانی رکھی جا رہی ہے۔غور طلب ہے کہ بالاکوٹ کے سرحدی علاقے میں ایل او سی کے قریب واقع جنگلات میں آگ لگنے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، جبکہ اس واقعہ کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح سے متحرک ہیں ۔