عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں ضلع کے بشناہ علاقے کے کٹھار گاؤں میں اتوار کو بجلی محکمہ کا ایک آؤٹ سورس ملازم ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن ۔حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب محکمہ بجلی کا آؤٹ سورس ملازم فتح چند ولد جاگر سنگھ، ساکن چک شیبو، معمول کی مرمت کے دوران ٹرانسفارمر پر کام کر رہا تھا۔ مرمت کے دوران وہ اچانک ایک متحرک بجلی کی تار کے رابطے میں آ گیا، جس سے اسے شدید جھٹکا لگا اور جسم پر گہرے زخم آئے۔ مقامی لوگ فوری طور پر مدد کے لیے پہنچے اور حکام کو اطلاع دی، تاہم فتح چند موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور قانونی کارروائیاں شروع کیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہے اور یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا مرمت کے دوران حفاظتی اصولوں پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔ انتظامیہ نے کہا کہ معاملہ اعلیٰ حکام تک پہنچا دیا گیا ہے اور تحقیقات کے بعد ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔