عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شوپیاں پولیس نے ایک ایسی جعلسازی کا پردہ فاش کیا ہے جس میں ایک شخص نے خود کو سرکاری ملازم ظاہر کرکے ایک شہری سے اس کے بھائی کی رہائی کا جھوٹا وعدہ کرکے بھاری رقم ہتھیا لی۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے نقدی برآمد کی ہے۔پولیس کے مطابق 4 جنوری کو آصف احمد پرہ ساکن ہمہونا زینہ پورہ کی جانب سے واٹس ایپ کے ذریعے شکایت درج کرائی گئی جس میں الزام تھا کہ سجاد احمد بٹ ساکن منڈورا ترال نے خود کو بااثر سرکاری ملازم ظاہر کرکے اس کے بھائی کی پولیس حراست سے رہائی دلانے کی یقین دہانی پر 5 لاکھ 40 ہزار روپے دھوکے سے وصول کر لیے۔
متاثرہ شخص کا بھائی عمر مقبول پولیس اسٹیشن زینہ پورہ میں ایف آئی آر نمبر 108/2025 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20 کے سلسلے میں قانونی طور پر گرفتار تھا۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ وہ اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے رہائی کا بندوبست کرا سکتا ہے۔شکایت ملتے ہی پولیس اسٹیشن شوپیاں نے ایف آئی آر نمبر 03/2026 کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ ابتدائی کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم سے 1.50 لاکھ روپے برآمد کیے ہیں جبکہ باقی رقم کی ریکوری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے افراد سے ہوشیار رہیں جو سرکاری اختیارات یا اثر و رسوخ کے جھوٹے دعوے کرتے ہیں یا کسی غیر قانونی مدد کا لالچ دیتے ہیں۔
شوپیاں پولیس نے جعلساز کو گرفتار کرلیا، حراست سے رہائی کا جھوٹا وعدہ کرکے 5.40 لاکھ ہڑپنے کا الزام