کٹھوعہ میں عارضی مرمت کیلئے 10کروڑ روپے استعمال ہوں گئے :ڈاکٹر جتیندر
عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ//مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی و ارضی سائنسز اور وزیر مملکت برائے وزیراعظم آفس، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جمعہ کے روز کٹھوعہ میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جموں و کشمیر کیلئے مجموعی طور پر 1400کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے، جس میں کٹھوعہ ضلع کے لئے 10کروڑ روپے عارضی مرمتی کاموں کے لئے جبکہ سیلاب سے متاثرہ ہر سرکاری ڈھانچے اور اثاثے کے لئے کم از کم 2 کروڑ روپے کی رقم، ضلعی تشخیص سے مشروط، فراہم کی جائے گی۔اجلاس کے دوران وزیر موصوف نے سیلاب سے ہوئے نقصانات، فنڈز کی تقسیم اور ضلع میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستقل نوعیت کی بحالی کے کاموں کے لئے متعلقہ محکمے علیحدہ طور پر فنڈز فراہم کریں گے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حلقوں میں بیداری مہم چلائیں تاکہ مختص رقم کا درست اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے، اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی متاثرہ فرد یا علاقہ نظرانداز نہ ہو۔مرکزی وزیر نے بجلی، پی ڈبلیو ڈی اور جل شکتی سمیت تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب سے متعلق نقصانات کا جامع سروے کر کے ایک ہفتے کے اندر مشن موڈ میں نئی تجاویز حکومتِ ہند کو ارسال کریں۔ انہوں نے تمام محکموں کو منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور جوابدہی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اْدھم پور میں دھار روڈ کی توسیع، دہلی۔امرتسر۔کٹرہ ایکسپریس وے کے باقی ماندہ کام، جھوتھانہ پل کی جلد تکمیل، چھترگلہ ٹنل اور اْجھ ملٹی پرپز پروجیکٹ کی بحالی کو خطے کی رابطہ کاری اور آبی نظم و نسق کے لئے اہم قرار دیا۔ انہوں نے اْجھ ندی پر نہری نظام کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پانی کے ضیاع کو روکا جائے گا، جسے وزارتِ دفاع اور وزارتِ داخلہ کی منظوری حاصل ہے۔صحت کے شعبے میں وزیر موصوف نے کٹھوعہ کینسر سینٹر میں جلد ریڈی ایشن سہولت شروع ہونے اور گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ کے لیے ایم آر آئی مشین کی منظوری کی اطلاع دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجیش شرما، مقامی ایم ایل ایز، ڈی ڈی سی عہدیداران اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔