مغل روڑ، سنتھن ومرگن ٹاپ ،لداخ و گریز شاہرائیں بند
سرینگر//کشمیر کے مشہور سیاحتی مقامات اور وادی کے بالائی مقامات پر تازہ برف باری کے درمیان نئے سال کی آمد ہوئی جس دوران گھنٹہ گھر لالچوک سمیت سبھی صحت افزاء مقامات پر ہزاروں سیاحوں نے نئے سال کا جشن منایا۔ محکمہ موسمیات نے آج جمعہ سے موسم میں بہتری کی پیش گوئی کی ہے۔حکام نے کہاکہ سیاحتی مقامات بشمول گلمرگ، پہلگام اور سونمرگ میں رات بھر تازہ برف باری ہوئی جو جمعرات کی صبح تک جاری رہی شمالی اور وسطی کشمیر کے اوپری علاقوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے میدانی علاقوں میں بارش کے ساتھ اچھی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔جنوبی کشمیر کے بالائی علاقوں بالخصوص شوپیان اور اننت ناگ اضلاع میں ہلکی سے درمیانی برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔محکمہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں اب 13جنوری تک وسم خشک رہے گا۔موسم کی تازہ ترین تشخیص کے مطابق، چند بالائی علاقوں کے علاوہ، مرکزی زیر انتظام میدانی علاقے میں کوئی بارش یا برف باری ریکارڈ نہیں کی گئی۔ وادی تلیل، رازدان ٹاپ، مژھل، سادھنا ٹاپ، اور سونمرگ کے علاوہ دراس سمیت چنیدہ مقامات پر ہلکی برفباری یا بارش ہوئی ، جبکہ میدانی علاقوں اور بیشتر دیگر علاقوں میں پہلے کی پیشگوئیوں کے مطابق موسم خشک رہا۔اگلے 12 گھنٹوں کے دوران، کچھ علاقوں میں ہلکی بارش یا برف باری کا امکان باقی ہے کیونکہ موجودہ مغربی ہوائوں کا مرحلہ بتدریج علاقے سے نکل رہاہے۔موسمیاتی اشارے فی الحال اگلے 10 سے 15 دنوں میں جموں اور کشمیر پر کسی مضبوط یا فعال مغربی ہوائوں کی آمد کا اشارہ نہیں دے رہے ہیں۔ خاص طور پر پہاڑی اور سرحدی علاقوں میں، ہلکی برفباری یا بارش کا مختصر دورانیہ ہوسکتا ہے۔
درجہ حرارت
حکام نے بتایا کہ بادل چھائے رہنے کی وجہ سے زیادہ تر مقامات پر نقطہ انجماد سے اوپر رہا۔حکام نے بتایا کہ تازہ برفباری کے باوجود، وادی میں غیر معمولی طور پر کم سردی کا تجربہ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ بدھ کی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ گلمرگ خطے کا سرد ترین مقام رہا جہاں پارہ منفی 5.5 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا۔ پہلگام میں کم سے کم 0.4 ، قاضی گنڈ میں پارہ 2 ڈگری سیلسیس پر دیکھا گیا۔
اہم شاہرائیں بند
جمعرات کو تازہ برف باری کے بعد حکام نے احتیاطی اقدام کے طور پر مغل روڈ، لداخ شاہراہ، سنتھن ٹاپ،مرگن ٹاپ اور گریز روڑ کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ شوپیان ضلع کوراجوری اور پونچھ اضلاع سے جوڑنے والی سڑک پیر کی گلی میں برف باری کے بعد بند ہوگئی۔حکام نے بتایا کہ تازہ برف باری کے باعث مغل روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے جس کی وجہ سے یہ حصہ پھسلن اور گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے غیر محفوظ ہو گیا ہے۔ ادھر تازہ برفباری کے بعد سرینگر لداخ ،بانڈی پورہ گریز،کوکر ناگ سنتھن روڑاور مرگن ٹاپ کو آمد و رفت کیلئے بند ہوگئے ہیں۔
سیاحوں کی آمد میں اضافہ
نئے سال کے موقعہ پر کشمیر میں سیاحوںکی بھاری بھیڑ امڈ آئی تھی اور نہ صرف گلمرگ ہائوس فل تھا بلکہ پہلگام اور سونہ مرگ بھی سیاحوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے ۔سرینگر میں بھی جشن کا سماں تھا اور گھنٹہ گھر میں سینکڑوں سیاحوں نے نئے سال کا جشن منایاجبکہ ڈل جھیل اور مفادات میں سیاحوں کی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی ۔سیاحتی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ پہلگام حملہ کے بعد پہپلی دفعہ اتنی بڑی تعداد میں سیاح کشمیر آئے تھے جنہوںنے یہاں مختلف سیاحتی مقامات پر نئے سال کا جشن منایا۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ برف باری کے بعد اب سیاحوں کی آمد جاری رہے گی جس سے سیاحتی شعبہ کو سہارا ملے گا۔