عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کشتواڑ میں مسجد و مدرسہ پر پتھراؤ کے مبینہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے اور مرکز کو ریاستوں کو رہنمائی دینی چاہیے تاکہ مذہبی اداروں پر تشدد روکا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ مرکزی حکومت کو ریاستوں کو واضح ہدایات دینی چاہئیں تاکہ مذہبی اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کے تشدد کو روکا جا سکے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ “ایسے لوگ ہیں اور رہیں گے۔ برائی موجود ہے اور اپنا کام کرے گی۔ لیکن ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے جہاں آئین ہر مذہب کو اپنے ادارے چلانے کی آزادی دیتا ہے۔ یہ مرکز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاستوں کو رہنمائی دے تاکہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں‘‘۔ہند-بنگلہ دیش تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔انکاکہناتھا “میں بنگلہ دیش سے دوستی چاہتا ہوں۔ وہاں جلد انتخابات ہوں گے اور نئی حکومت تشکیل پائے گی۔ مجھے امید ہے کہ نئی دہلی اور نئی حکومت تعاون کے نئے راستے کھولیں گے‘‘۔