سونمرگ میں منفی 5.8 اور دراس میں منفی 18.1درج
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی میں چلہ کلان کی سردی نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔کچھ روز تک شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری کے بعد درجہ حرارت ایک بات پھر صفر سے نیچے گر گیا ہے۔صاف آسمان نے جاری سردی کی لہر کو تیز کر دیا ہے۔ حکام نے ہفتہ کو بتایاکہ سونہ مرگ سب سے سرد مقام کے طور پر رہا، جہاں کم از کم درجہ حرارت منفی 5.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔سری نگر میں منفی 2.6 ، پہلگام میں منفی 4.8 جب کہ شوپیان میں منفی 4.7 اور پلوامہ میں منفی 4.3 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔اننت ناگ میں منفی 3.6 ، اونتی پورہ میں منفی 3.2 اور کولگام کا درجہ حرارت منفی 1.9 اورکوکرناگ میں منفی 0.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔شمالی کشمیر بھی شدید سردی کی لپیٹ میں رہا۔کپوارہ میں منفی 3.8 ، بارہمولہ میں منفی 2.5 ، بانڈی پورہ میں منفی 2 اور رفیع آباد میں منفی 3.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ، جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 2.8 ، بڈگام میں منفی 2.7 اور گاندربل میں منفی 1.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں تیزی سے گراوٹ رات کے صاف آسمان کی وجہ سے ہوئی، یہ صورتحال اگلے چند دنوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 29 دسمبر تک کشمیر میں عام طور پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، نئے سال کے موقع پر بارش اور برف باری کی توقع ہے۔30 دسمبر کو بکھرے ہوئے مقامات پر اور 31 دسمبر اور 1 جنوری 2026 کو کئی مقامات، شمالی اور وسطی کشمیر کے کچھ درمیانی اور اونچے علاقوں میں درمیانی برف باری کا امکان ہے۔2 جنوری کو اونچی جگہوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔ادھرلداخ کے دراس میں کم از کم درجہ حرارت تقریباً منفی 18.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو موسم کی سرد ترین راتوں میں سے ایک ہے۔جب کہ پڑوسی لیہہ میں منفی 9.9 ، کرگل میں منفی 9.2 ، نوبرا ویلی میں منفی 8.8 ، پڈوما میں منفی 1.4 ریکارڈ کیا گیا۔موسمیاتی مرکز لداخ نے کہا کہ “31 دسمبر سے 1 جنوری کے دوران مغربی ڈسٹربنس لداخ کو متاثر کرے گا۔ یہ پورے لداخ میں ابر آلود ہو جائے گا اور کرگل، زنسکار اور سیاچن کے علاقوں کے بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف باری ہو گی۔”