محتشم احتشام
پونچھ//شری کرشن چندر گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے شعبہ عربی کی جانب سے عالمی یومِ عربی زبان کے موقع پر ’عربی زبان: سائنس، ٹیکنالوجی اور ادب کے دور میں اس کی معنویت‘ کے عنوان سے ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس علمی نشست نے ملک و بیرونِ ملک سے آئے ہوئے ماہرین، اساتذہ اور محققین کو عربی زبان کی عصری اہمیت پر غور و فکر کے لئے ایک مؤثر اور بامعنی پلیٹ فارم فراہم کیا۔سیمینار کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رضوان الرحمٰن، پروفیسر، مرکزِ عربی و افریقی مطالعات، جواہر لال نہرو یونیورسٹی تھے۔ انہوں نے اپنے کلیدی خطاب میں عربی زبان کی تاریخی گہرائی، فکری وسعت اور جدید سائنسی، تکنیکی و ادبی تناظر میں اس کی عالمی افادیت پر روشنی ڈالی۔دیگر معزز مقررین میں ڈاکٹر شمس کمال انجم ایسوسی ایٹ ڈین، اسکول آف ہیومینٹیز اینڈ لینگویجز، بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی ، ڈاکٹر منظر عالم (شعبہ عربی، بی جی ایس بی یو، قطر کے شہر دوحہ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی و براڈکاسٹر عبید طاہر، اور نئی دہلی سے ریسرچ اسکالر پریتی بھارتیہ شامل تھے۔
مقررین نے عربی زبان کے علمی، لسانی اور ثقافتی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے اسے علم کی ترسیل، بین الثقافتی مکالمے اور معاصر تحقیق کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔پروگرام کا آغاز ڈاکٹر امجد علی بابر کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جنہوں نے بین الاقوامی نوعیت کی علمی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ سیمینار کی تمام کارروائی نہایت خوش اسلوبی سے ڈاکٹر مسرت جبین، سربراہ شعبہ عربی، نے انجام دی، جس سے علمی تبادلہ مؤثر اور منظم رہا۔ملک و بیرونِ ملک سے آئے ہوئے ماہرینِ تعلیم، مختلف جامعات کے اسسٹنٹ پروفیسرز اور ریسرچ اسکالرز کی بھرپور شرکت نے اس سیمینار کو حقیقی معنوں میں بین الاقوامی علمی اجتماع بنا دیا۔ طلبہ کی تحقیقی مقالات کی نشست سیمینار کی خاص جھلک رہی، جس میں فریال زمیر، طاہرہ کوثر اور الطاف احمد نے موضوع سے ہم آہنگ تحقیقی مقالے پیش کئے۔خصوصی مہمان کی حیثیت سے ڈاکٹر محمد اعظم، پرنسپل، سرکاری ڈگری کالج مینڈھر نے بھی خطاب کیا اور شعبہ عربی کے اقدام کو سراہتے ہوئے باہمی علمی اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔ صدارتی خطاب میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جسبیر سنگھ نے عالمی سطح پر عربی زبان کی بڑھتی اہمیت کو اجاگر کیا اور اساتذہ و طلبہ کو تحقیقی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔تکنیکی کمیٹی—پروفیسر وسیم اکرم اور پروفیسر محمد بشارت—نے سیشنز کی تکنیکی روانی کو یقینی بنایا۔ متعدد فیکلٹی اراکین کی موجودگی نے پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اختتام پر پروفیسر عافیہ زمان نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔