عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزارت داخلہ نے یوٹی کیڈر کے کئی انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس)افسران کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدوں پر ترقی دینے کا حکم دیا ہے، جن میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے کئی افسران شامل ہیں۔ 19 دسمبر کو جاری کردہ دو الگ الگ سرکاری احکامات کے مطابق، 8 دسمبر کو ہونے والی سکریننگ کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات کے بعد ترقیوں کی منظوری دی گئی۔ ترقیاں یکم جنوری 2026 سے یا چارج سنبھالنے کی تاریخ سے لاگو ہوں گی۔ تین آئی پی ایس افسران کو انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔ترقی پانے والوں میں تیجندر سنگھ شامل ہیں، جب کہ عبدالجبار اور ادے بھاسکر بلہ کو پروفارما پروموشن دیا گیا ہے۔ترقیاں پے میٹرکس کے لیول 14 میں آئی جی پی گریڈ میں ہیں اور یکم جنوری 2026 سے یا چارج سنبھالنے کی تاریخ سے، جو بھی بعد میں ہو، لاگو ہوں گی۔جموں و کشمیر میں تعینات آٹھ آئی پی ایس افسران کو ڈی آئی جی رینک پر ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والوں میں سرگن شکلا، سندیپ وزیر، انیتا شرما، جتندر سنگھ جوہر، سورن سنگھ کوتوال، زاہد نسیم منہاس اور ڈاکٹر کوشل کمار شرما شامل ہیں، جب کہ سندیپ چودھری کو پروفارما پروموشن دیا گیا ہے۔