عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے وِجے دیوس کے موقعہ ا کھنور کے کچریال میں 108فٹ بلند قومی پرچم کی نقاب کشائی کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے 1971کی جنگ کے دوران اَپنی بہادری اور قربانیوںسے ملک کا سر فخر سے بلند کرنے والے شہدأ ، فوجیوں اور اَفسروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے جنگی سابق فوجیوں اور ویر ناریوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی قوم کے لئے بہادری اور قربانی کو سلام پیش کیا۔اُنہوںنے کہا،’’کچریال کی زمین نہ صرف تاریخی اہمیت رکھتی ہے بلکہ یہ اہل وطن کے لئے بھی ایک مقدس سرزمین ہے کیوں کہ یہاں کا ہر ذرہ ان بہادر فوجیوں کو شکرگزاری کے ساتھ یاد کرتا ہے جنہوں نے 1965اور 1971کی جنگوں میں ملک کی خودمختاری اور سا لمیت کی حفاظت کرتے ہوئے اَپنی جانیں قربان کیں‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے جنرل آفیسر کمانڈنگ وائٹ نائیٹ کورز (16کورز) لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا کو 108فٹ بلند قومی پرچم نصب کرنے کے اس قابلِ تحسین اقدام پر مُبارک باد دِی۔ اُنہوں نے اس تاریخی اقدام میں فلیگ فاؤنڈیشن آف اِنڈیا کی شراکت کی بھی سراہنا کی۔اُنہوں نے مزید کہا،’’ہمارا محبوب اور فاتح ترنگا دنیا میں بلندہو۔ ہمارا ترنگا ہماری آزادی، ہماری عزت نفس، قربانیوں اور شہادت کی علامت ہے۔ ہمیں ایک ساتھ مل کر بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے عظیم مقصد کے حصول کے لئے آگے بڑھنا چاہیے‘‘۔اِس موقعہ پر وزیر برائے اَمورنوجوان و کھیل کود، ٹرانسپورٹ ، خوراک ، شہری رسدات و اَمورصارفین،سائنس و ٹیکنالوجی ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، اے آر آئی اینڈ ٹریننگز ستیش شرما، جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف ناردن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، جی او سی وائٹ نائٹ کور (16کور)لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، جی او سی 10 ریپڈمیجر جنرل ایچ ایس برار،کمانڈر پلن والا بریگیڈ بریگیڈیئر دایانند شرما، میجر جنرل آشم کوہلی (ریٹائرڈ)، چیف ایگزیکٹیو آفیسر، فلیگ فاؤنڈیشن آف اِنڈیا، سینئر اَفسران، جنگ کے سابق فوجی، ویر ناری اور طلبأ بھی موجود تھے۔
مہلوک پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے جموںوکشمیر پولیس کے بہادر جوان کانسٹیبل امجد علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کیاجنہوں نے اُدھمپور میں اِنسدادِ ملی ٹینسی آپریشن کے دوران قوم کی خدمت میں اَپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔اُنہوںنے کہا،’’میں جموںوکشمیر پولیس کے ہمارے بہادر جوان کانسٹیبل امجد علی خان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ قوم اُن کی مثالی بہادری اور فرض کے تئیں بے لوث لگن پر ہمیشہ شکرگزار رہے گی۔ہم اس مشکل گھڑی میں شہید کے سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔‘‘