سمت بھارگو
جموں//بارڈر سیکورٹی فورس نے جموں کے پرگوال میں بین الاقوامی سرحد پر ایک درانداز کوگرفتار کیا ہے اوراس کے قبضے سے 30بور، ایم پی 5ہتھیار برآمد کیا گیا ہے۔ملزم کی شناخت عبدالخالق کے طور پر ہوئی ہے جس کا تعلق راجوری ضلع سے ہے۔جموں و کشمیر پولیس نے ایک سرکاری بیان میں بتایا کہ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے پرگوال علاقے میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک درانداز کو ہتھیار کے ساتھ گرفتار کیا۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ کھوڑ کی پولیس چوکی پرگوال کے حوالے کر دیا گیا ہے۔اس دوران سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پکڑے گئے درانداز کا تعلق راجوری کے اُجھان گاؤں سے ہے جو 2021میں پراسرار حالات میں لاپتہ ہو گیا تھا اور اس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی پولیس پوسٹ چنگس میں درج کرائی گئی تھی اور معاملہ ابھی بھی زیر تفتیش ہے۔سرکاری ذرائع نے اشارہ کیا کہ یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ شخص 2021میں ایل او سی یا آئی بی سے باہر نکل گیا ہو اور اس کے بعد ملی ٹینٹ صفوں میں شامل ہو گیا ہو۔انہوںنے کہا’’پہلی نظر میں، اسے ملی ٹینسی کا معاملہ سمجھا جا رہا ہے‘‘۔