عظمیٰ نیوزسروس
جموں// چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے کشمیر یونیورسٹی اور جموں یونیورسٹی سے منسلک میوزک و فائن آرٹس اِنسٹی چیوٹوں کی جاری توسیعی اور بہتری کے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم، دونوں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، صوبائی کمشنر جموں اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے جموںوکشمیر کے نوجوانوں کی فنی اور موسیقی کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور نکھارنے میں ان اِداروں کے اہم کردار پر زور دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں اِداروں کومضبوط اِنفراسٹرکچرکے ساتھ جدید خطوط پر استوار کیا جانا چاہیے تاکہ زیر تعلیم طلبأکو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جاسکے۔چیف سیکرٹری نے طویل مدتی ویژن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وائس چانسلروں کو ہدایت دی کہ مستقبل وائس چانسلرز کو ہدایت دی کہ مستقل کیمپسز کے قیام اور مستقبل میں دونوں اِداروں کی توسیع کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس (ڈِی پی آرز) تیار کریں۔ اُنہوں نے موجودہ بیچلر سطح کے پروگراموں کا جائزہ لیا اور یونیورسٹیوں کو مشورہ دیا کہ وہ موسیقی اور فائن آرٹس کے شعبوں میںاُبھرتی ہوئی ضروریات کے مطابق اِضافی کورسوں بشمول پوسٹ گریجویٹ پروگرامز متعارف کرنے پر غور کریں۔اُنہوں نے تعلیمی معیار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ یو جی سی معیار کے مطابق اَساتذہ کی اَپ گریڈیشن کو یقینی بنائیں اور اِن اِداروں کو وہی مدد، توجہ اور اِدارہ جاتی ترقی فراہم کریں جو دیگر شعبوں کو دی جاتی ہے۔وائس چانسلروں نے چیف سیکرٹری موصوف کو دستیاب بنیادی ڈھانچے کی موجود صورتحال، جاری کورسوں اور طلبأ کی اِنٹیک صلاحیتوں سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے بعض رُکاوٹوں کی بھی نشاندہی کی بالخصوص مستقل کیمپس کے قیام کے لئے مناسب اراضی کی عدم دستیابی کے مسئلے کو اُجاگر کیا۔چیف سیکرٹری نے اس رکاوٹ کو دور کرنے کے لئے متعلقہ صوبائی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ یونیورسٹیوں کو مناسب اَراضی کی نشاندہی اور بروقت منتقلی میں مکمل تعاون فراہم کریں تاکہ دونوں اِداروں کے مستقل کیمپس بروقت قائم کئے جاسکیں۔