عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ بابا غلام شاہ اکیڈمی تھنہ منڈی کے زیرِ اہتمام معروف فلاحی تنظیم ’سپورٹ ہیپلیس‘ کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف نجی و سرکاری تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے 22 غریب و نادار طلبہ میں گرم ملبوسات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن تھنہ منڈی کے صدر غلام نبی کملاک اور ممتاز سماجی شخصیت حاجی محمد اقبال رینہ مہمانانِ خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے علم و تعلیم کی اَہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم وہ قوت ہے جو انسان کی شخصیت کو سنوارتی اور معاشروں کو ترقی و تہذیب کی راہوں پر آگے بڑھاتی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس معاونت کو ایک قیمتی نعمت تصور کریں اور محنت، نظم و ضبط، اخلاق اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھیں۔فلاحی تنظیم سپورٹ ہیپلیس کے صدر خورشید بسمل نے تمام عطیہ دہندگان، محسنین اور رضا کاروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون اور اخلاص سے یہ خدمتِ خلق کا عمل ممکن ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کا مقصد محض مالی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا، نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپورٹ ہیپلیس کا بنیادی مشن معاشرے کے ہر ضرورت مند فرد تک مدد پہنچانا اور انہیں احساسِ تحفظ و اعتماد دینا ہے۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ خود کو کبھی تنہا نہ سمجھیں، کیونکہ محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنے والوں کی معاونت کے لئے تنظیم ہمیشہ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔بسمل نے انتخابی کمیٹی کے ممبران محمد عارف خان، رشد منہاس اور منشی خان کی دیانت دارانہ اور شفاف کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے مکمل انصاف کے ساتھ مستحق طلبہ کا انتخاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر امداد حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے سپورٹ ہیپلیس اور اس کے معاونین کے تئیں دلی طور پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاونت ان کے لیے نئی امید، حوصلہ اور عزم کا ذریعہ بنے گی۔ یاد رہے کہ یہ فلاحی اقدام نہ صرف تھنہ منڈی میں تعلیم دوستی، ہمدردی اور انسان دوستی کی شاندار مثال بن کر اْبھرا ہے بلکہ سماج میں خیر، خدمت اور یکجہتی کے جذبے کو بھی مزید فروغ دیتا ہے۔