عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/باوثوق ذرائع کے مطابق نیشنل کانفرنس کی سربراہی والی حکومت جنوری 2026 میں کابینہ کی از سرِ نو تشکیل اور توسیع کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے 27 اور 28 نومبر کو سرینگر میں منعقدہ دو روزہ ورکنگ کمیٹی اجلاس کے دوران کابینہ میں ممکنہ توسیع یا رد و بدل کے واضح اشارے دیے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے پارٹی عہدیداران کو بتایا کہ آئندہ ڈیڑھ ماہ کے دوران وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد فیصلہ ہوگا کہ کن وزراء کو برقرار رکھنا ہے اور کن کو ہٹانا ہے۔اجلاس میں کئی ارکانِ اسمبلی نے کابینہ کی توسیع کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزراء کی تعداد بڑھنے سے حکومت کی رسائی اور عوامی سطح پر موجودگی مزید بہتر ہوگی۔
فی الوقت جموں و کشمیر میں کابینہ کی تین نشستیں خالی ہیں، کیونکہ قانون کے مطابق اسمبلی کی کل تعداد کے 10 فیصد سے زیادہ وزراء نہیں ہو سکتے۔ 90 رکنی اسمبلی میں کابینہ کی زیادہ سے زیادہ تعداد 9 بنتی ہے۔ اس وقت کابینہ میں وزیر اعلیٰ سمیت چھ وزراء شامل ہیں۔خواہ پانچ نامزد نشستوں کو بھی شامل کر لیا جائے، تب بھی وزراء کی تعداد 9 سے زیادہ نہیں ہو سکتی، کیونکہ 0.5 کو شمار نہیں کیا جاتا جبکہ 0.5 سے زائد اعشاریہ کو ایک تصور کیا جاتا ہے۔
این سی حکومت کا جنوری 2026 میں کابینہ کی ردوبدل اورتوسیع کا امکان