عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ، اشوک کمار شرما نے پیدائش و اموات کے اندراج سے متعلق بین المحکمہ جاتی رابطہ کمیٹی کی سہ ماہی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں ضلع بھر کے رجسٹریشن نظام اور سرٹیفکیٹ کے اجرا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈی سی پونچھ نے ضلع میں قائم 28 رجسٹریشن یونٹس کی مجموعی کارکردگی، آن لائن اندراج، اور شہری و دیہی علاقوں میں پیدائش و اموات کی رجسٹریشن کے عمل کا مکمل احاطہ کیا۔ اس موقع پر رجسٹرارز (رورل و اربن) نے سول رجسٹریشن سسٹم (CRS) اور پیدائش و اموات کے سرٹیفکیٹس کے آن لائن اجرا سے متعلق تفصیلات سے چیئر کو آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہسپتال، ایس ڈی ایچ سرنکوٹ، ایس ڈی ایچ مینڈھر، سی ایچ سیز اور پی ایچ سیز کے رجسٹراروں کو سختی سے ہدایت دی کہ ہسپتال سے رخصت ہونے سے قبل ہر نومولود بچے کے لئے 100 فیصد پیدائش سرٹیفکیٹ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سی ایم او، بی ایم اوز اور میڈیکل آفیسرز کو بھی ہدایت دی کہ ضلع میں 100 فیصد انسٹی ٹیوشنل ڈیلیوریز کو یقینی بنایا جائے تاکہ درست و بروقت اندراج ممکن ہو سکے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک، ڈسٹرکٹ سٹیٹسٹیکل اینڈ ایویلیوایشن آفیسر جاوید احمد، چیف میڈیکل آفیسر پرویز احمد خان، بی ایم اوز، بی ڈی اوز، میڈیکل آفیسرز اور میونسپل کونسل/کمیٹی پونچھ و سرنکوٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ پیدائش و اموات کے درست اور بروقت اندراج سے نہ صرف سرکاری ریکارڈ مضبوط ہوتا ہے بلکہ عوام کو مختلف سرکاری سہولیات تک بروقت رسائی بھی ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سسٹم میں بہتری کے لیے مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔ضلع انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ اندراج کے عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔