عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کے کاروبار کے خلاف ایک اہم اور مؤثر کارروائی میں سرینگر پولیس نے لال بازار کے بادام واری علاقے میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان اور چار مرلہ اراضی کو انسداد منشیات قانون کے تحت ضبط کر لیا ہے۔ ضبط شدہ جائیداد کی مالیت تقریباً 75 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق یہ جائیداد ارشید احمد شیخ ولد ولی محمد شیخ ساکن عثمانیہ کالونی بادام واری کے نام درج ہے، جو ایک بدنام زمانہ اور عادی منشیات فروش ہے۔ مذکورہ شخص کے خلاف پولیس اسٹیشن لال بازار میں ایف آئی آر نمبر 50/2025 زیر دفعات 8 اور 20 این ڈی پی ایس ایکٹ اور پولیس اسٹیشن جانی پور، جموں میں ایف آئی آر نمبر 31/2025 زیر دفعات 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی کمائی سے حاصل کی گئی تھی، جس کے بعد مجاز اتھارٹی نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 کے تحت ضبطی کا حکم جاری کیا۔ حکم نامہ موصول ہونے کے بعد سرینگر پولیس نے قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے جائیداد کو منجمد کر دیا۔ضبطی کی کارروائی ایگزیکٹیو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس خانیار اور دو آزاد گواہوں کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی، جس سے تمام قانونی اور ضابطہ جاتی کارروائیوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائی گئی۔ سرکاری حکم کے مطابق مالک کو اب اس جائیداد کو فروخت، منتقل، تبدیل کرنے یا کسی تیسرے فریق کے نام کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔پولیس ترجمان کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم مزید سخت کی جائے گی تاکہ ان کے مالی وسائل، سپلائی چین اور آپریشنل نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور معاشرے کو منشیات کے بڑھتے ہوئے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
سرینگر میں بدنام زمانہ منشیات فروش کی جائیداد قرق