جامعہ ضیاء العلوم کی گولڈن جوبلی تقریب میں ایوارڈ سے سرفراز
محتشم احتشام
پونچھ// جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کی گولڈن جوبلی تقاریب گزشتہ روز نہایت شایانِ شان انداز میں منعقد ہوئیں، جس میں وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ، وزیرِ امورِ قبائل چودھری جاوید احمد رانا اور کابینہ کے سینئر اراکین سکینہ اِتو، جاوید احمد ڈار اور ستیش شرما نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس تاریخی تقریب کا مقصد ادارے کی پچاس سالہ تعلیمی، سماجی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب کا نمایاں ترین لمحہ وہ تھا جب وزیرِ اعلیٰ نے سماجی شخصیات خصوصی معروف قبائلی کارکن اور سری مستان ٹرائبل (گوجر) ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین چوہدری محمد اسد نعمانی کو صحت عامہ، خواتین کے بااختیار بنانے اور قبائلی فلاح و بہبود کے میدان میں اْن کی مثالی خدمات پر خصوصی اعزاز سے نوازا۔ دور دراز اور محروم قبائلی آبادیوں کیلئے اْن کی خدمات کو شرکائے تقریب نے زبردست انداز میں سراہا۔وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک ترقی یافتہ اور جامع معاشرے کی تعمیر اْن کارکنان کی مرہونِ منت ہے جو نچلی سطح پر خاموشی سے حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے چوہدری نعمانی کو ایسی ہی قیادت کا درخشاں نمونہ قرار دیا۔وزیرِ امورِ قبائل چودھری جاوید احمد رانا نے بھی چودھری نعمانی کو ’’عزم، خدمت، سماجی شعور اور انقلابی قیادت‘‘ کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اْن کی خدمات نہ صرف قبائلی برادریوں کیلئے مشعلِ راہ ہیں بلکہ حکومتی پالیسیوں کو زمینی سطح تک مؤثر بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔مولانا غلام قادر، سرپرستِ اعلیٰ جمیعہ ضیاء العلوم، نے ادارے کی نصف صدی پر محیط تعلیمی و سماجی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ خطہ پیر پنچال میں علم، ہم آہنگی اور خدمت کا مضبوط ستون ہے۔تقریب کے دوران خطے کی دیگر نمایاں شخصیات کو بھی مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی پر اعزازات پیش کیے گئے، جس سے اس تاریخی سنگِ میل کی خوشیاں مزید بڑھ گئیں۔تقریب کے اختتام پر عزمِ نو کا اظہار کیا گیا کہ جمیعہ ضیاء العلوم آئندہ بھی تعلیم، سماجی بہبود اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے میدان میں اپنی روشن روایات کو مزید تقویت دیتا رہے گا۔