عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//عوامی رابطہ پروگرام کے تحت شہری خدمات کو مزید بہتر اور آسان بنانے کے مقصد سے ریجنل پاسپورٹ آفس جموں، وزارتِ امورِ خارجہ حکومتِ ہند کے زیرِ اہتمام، نئے آڈیٹوریم ایس کے سی گورنمنٹ ڈگری کالج گراؤنڈ پونچھ میں تین روزہ موبائل پاسپورٹ وین سروس کیمپ کا آغاز کیا گیا۔اس کیمپ کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد سعیداور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہن لال نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ عبدالمجید تنترے، او ایس ڈی وزارت خارجہ سنیل کھار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس دوران اے سی آر اور آر پی او جموں کے او ایس ڈی نے بتایا کہ یہ کیمپ خاص طور پر ضلع پونچھ کے ان شہریوں کے لئے منعقد کیا گیا ہے جنہوں نے سرکاری ویب سائٹ [www.passportindia.gov.in](http://www.passportindia.gov.in)پر اپنی اپائنٹمنٹ بک کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست گزاروں کو 12نومبر سے 14 نومبر 2025 کے دوران منتخب سلاٹ کے مطابق خدمات فراہم کی جائیں گی۔افسران نے ریجنل پاسپورٹ آفس جموں اور وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوام کے لئے ایک بڑی سہولت ہے جو پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو سرکاری خدمات ان کی دہلیز تک پہنچائے گا۔انہوں نے ضلع پونچھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں تاکہ پاسپورٹ کے حصول کے عمل میں وقت اور محنت دونوں کی بچت ہو۔ریجنل پاسپورٹ آفس جموں کے مطابق، اسی طرز کے موبائل پاسپورٹ وین کیمپس آئندہ مہینوں میں جموں صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے رہائشی شہریوں کو پاسپورٹ سے متعلق سہولیات بہ آسانی دستیاب ہو سکیں۔پاسپورٹ وین میں بایومیٹرک اندراج، دستاویزات کی جانچ، اور درخواستوں کی ابتدائی کارروائی کی مکمل سہولت موجود ہے، جس سے درخواست دہندگان کو دفتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔یہ شہری دوست اقدام عوامی خدمات کو جدید اور مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو نہ صرف وقت کی بچت کرے گا بلکہ دور افتادہ علاقوں کے باشندوں کے لئے پاسپورٹ سروسز کو مزید شفاف اور قابلِ رسائی بنائے گا۔