عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وسطی ضلع بڈگام کے خانصاحب علاقے کے ہروانی گاؤں میں بدھ کے روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں دو کمسن بہن بھائی گہرے ٹیوب ویل میں گر گئے۔ نتیجتاً6 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی پانچ سالہ بہن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بچوں کی شناخت باسط احمد خان ،عمر 6 سال اور زینب عمر 5 سال کے طور پر ہوئی ہے، جو محمد افروز خان ساکن ہرونی کے بچے ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں بچے ٹیوب ویل میں گرنے کے بعد بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے اور اہلِ خانہ نے انہیں فوری طور پر قریبی سب ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا۔
ڈاکٹروں نے باسط کو مردہ قرار دیا جبکہ زینب کو بہتر علاج کے لیے سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال ریفر کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔