عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورونے کپواڑہ کے لولاب علاقے میں ایک پٹواری کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
اینٹی کرپشن بیورو کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق، لولاب کے دونی واری علاقے سے تعلق رکھنے والے ایوب خان ولد گل شیر خان، جو ریونیو محکمہ میں پٹواری کے طور پر تعینات ہیں، کے خلاف موصولہ شکایت کی بنیاد پر تصدیقی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شکایت میں الزام لگایا گیا کہ مذکورہ پٹواری پُرتعیش طرز زندگی گزار رہا ہے اور اس کے پاس بڑی تعداد میں باغات، زرعی زمینیں، سرینگر (بمینہ) اور لولاب (دونی واری) میں مکانات، متعدد گاڑیاں ہیں اور اس نے اپنے بچوں کے پروفیشنل کالجوں میں داخلے کے لیے بھاری رقوم بطور ڈونیشن خرچ کی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خفیہ تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ پٹواری نے دورانِ ملازمت بڑی مقدار میں اخراجات کیے اور مختلف اثاثے بنائے، جو اس کی معلوم آمدنی کے مقابلے میں غیر متناسب پائے گئے۔
تصدیق کے دوران سامنے آنے والی تفصیلات میں شامل ہے: ہمڈانیہ کالونی بمنہ سرینگر میں زمین خرید کر دو منزلہ مکان تعمیر کرنا، دونی واری لولاب کپواڑہ میں دو منزلہ مکان کی تعمیر، ایک وینیو ہنڈائی کار اور ایک موٹر سائیکل کی خرید، بینک قرضوں کی واپسی پر بڑے اخراجات، اور بچوں کی تعلیم پر خرچ (جیسے بیرون ملک ایم بی بی ایس داخلہ اور امرتسر کے نرسنگ کالج میں نرسنگ کورس میں داخلہ)۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جیسے ہی شکایت موصول ہوئی، ملزم پٹواری نے فوری طور پر بینکوں سے بار بار قرض لینا شروع کیا، جو کہ مجموعی طور پر 75 لاکھ روپے تک پہنچا، تاکہ اپنی غیر قانونی آمدنی کو چھپا سکے اور تفتیشی افسر کو گمراہ کر سکے۔
ملزم پٹواری کی جانب سے کی گئی یہ کارروائیاں جرم کے زمرے میں آتی ہیں، جو جموں و کشمیر پبلک کرپشن ایکٹ سوت، 2006 کی دفعہ 5(1)(e) اور دفعہ 5(2) کے تحت قابل سزا ہیں۔ اس کے تحت 16 جون 2025 کو ملزم پٹواری کے خلاف ایف آئی آر نمبر 03/2025 درج کی گئی۔بیان کے مطابق، مقدمہ درج ہونے کے فوراً بعد انسداد بدعنوانی عدالت بارہمولہ سے تلاشی کے وارنٹ حاصل کیے گئے اور ملزم کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے تلاشی کے دوران مختلف قابلِ اعتراض مواد، جیسے سونے کے زیورات کی خریداری کی رسیدیں، آئی فون 15 اور 15 پرو کی خریداری کی رسیدیں اور دیگر اہم اشیاء برآمد ہوئیں، جنہیں مجسٹریٹ اور گواہوں کی موجودگی میں قانون کے مطابق ضبط کیا گیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اینٹی کرپشن بیورو نے آمدنی سے زائداثاثےبنانے کے الزام میں کپواڑہ میں پٹواری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا
