عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے کہا کہ وہ بارہمولہ، اننت ناگ، اور سرینگرمیںفارِن میڈیکل گریجویٹ ایگزامینیشن (FMGE)کے امتحانی مراکز کے قیام کا معاملہ وزارت صحت و خاندانی بہبود، حکومتِ ہند کے ساتھ اٹھائے گی۔ وزیر برائے صحت و طبی تعلیم نے اس معاملے کو متعلقہ مرکزی وزارت کے ساتھ اٹھانے کی تصدیق کی ہے۔
وزیر نے یہ جواب ایم ایل اے ڈاکٹر سجاد شفیع کے سوال پر دیا، جنہوں نے وضاحت طلب کی تھی کہ آیا حکومت ان مقامات پر(ایف ایم جی ای )امتحانی مراکزکے قیام کے لیے کوشش کرے گی تاکہ بیرون ملک سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے کشمیری طلبہ کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ مقامی امتحانی مراکز کے قیام کا مطالبہ کشمیری میڈیکل گریجویٹس کی ایک دیرینہ خواہش رہی ہے، جو بیرون ملک اپنی تعلیم مکمل کرتے ہیں۔ فی الوقت، کشمیر کے طلبہ کوسانبہ ، نوئیڈا، یا امرتسرمیں قائم امتحانی مراکز تک سفر کرنا پڑتا ہے، جو ان کے لیےسفری اور مالی مشکلات کا باعث بنتا ہے۔