عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ماگام علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن ماگام کی ایک پارٹی نے آری پانتھن میں ایک ناکے کے دوران ایک مشکوک شخص کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ گرچہ اس شخص نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو بر سر موقع ہی دھر لیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 61 گرام وزنی چرس جیسے مواد کی تین چھڑیاں بر آمد کی گئیں جس کے بعد اس کی موقع پر ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدہ کی شناخت اشفاق احمد گنائی ولد غلام محمد گنائی ساکن سرن ہال بٹہ پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ماگام میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بڈگام پولیس لوگوں کے تعاون سے معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہےـ
بڈگام میں منیشات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد:پولیس
