عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ہفتے کے روز کہاکہ گزشتہ سات برسوں کے دوران مرکزی زیر انتظام علاقے میں منشیات کے کاروبار میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے جموں وکشمیر کا نوجوان نشے کی لت میں مبتلا ہو رہا ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقعے میسر نہیں جس وجہ سے نوجوان اپنے غموں کو بلانے کی خاطر منشیات اور نشیلی ادویات کا استعمال کررہے ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ سات برسوں کے دوران جموں وکشمیر میں منشیات کی وبا عام ہوئی اور اس پر اب قدغن لگانے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ جموں وکشمیر پولیس ایل جی انتظامیہ کے ماتحت ہے لہذا لیفٹیننٹ گورنر کو اس حوالے سے سخت نوعیت کے اقدامات اٹھانے چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر ریاستی درجے کی بحالی ناگزیر ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ جموں صوبے کے ساتھ گزشتہ سات برسوں کے دوران نا انصافی کی گئی جس وجہ سے آج یہاں کے دکانداروں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ـ