عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں کشمیر پولیس سربراہ نے جموں کے کٹھوعہ ضلع کا دورہ کرکے وہاں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور مربوط انسداد ملی ٹینسی آپریشنوں پر زور دیا ۔جموں کشمیر پولیس سربراہ نلین پربھات نے کٹھوعہ ضلع کے دور دراز علاقوں کا دورہ کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق موصوف نے ضلع کے مچیڈی، بدنوٹا، سدروٹا، اور دوگینی پولیس چوکیاں کا دورہ کیا اور وہاں سپیشل آپریشن گروپ کٹھوعہ بلاور کے جوانوں اور افسران سے بات چیت کی۔دورے کے دوران اے ڈی جی پی جموں زون آنند جین آئی پی ایس نے ڈی جی پی کو خطے میں جاری انسداد ملی ٹینسی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقعہ پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی شیو کمار ،ڈی ڈی آئی بی جموں، ایس ایس پی کٹھوعہ شوبیت سکسینہ اور دیگر افسران موجود تھے ۔ دورے کے دوران ڈی جی پی نے فوج اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں کے ساتھ بھی بات چیت کی، اور تمام فورسز کے درمیان مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ملی ٹینٹوں کو بے اثر کرنے کی ضرورت پر زور دیا جن کی خطے میں موجودگی کی اطلاع ملی ہے۔ڈی جی پی پربھات نے انسداد ملی ٹینسی کی کوششوں میں انٹیلی جنس جمع کرنے اور موثر زمینی کارروائیوں کی اہمیت پر زور دیا۔