عظمیٰ نیوزسروس
جموں//منشیات کے استعمال کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، چیف سکریٹری اتل ڈلو نے بڑے پیمانے پر بیداری کے ذریعے معاشرے سے منشیات کی لعنت کو روکنے اور اسے ختم کرنے کے لیے نتیجہ خیز ایکشن پلان وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔چیف سیکرٹری اس حوالے سے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ وہ دیگر محکموں کے ساتھ مل کر نشہ آور اشیاء کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔ انہوں نے عوامی آگاہی مہم کی اہمیت پر زور دیا جس میں پوسٹرز، نعرے، سوشل میڈیا پر اشتہارات، پبلک ٹرانسپورٹ اور آؤٹ ڈور سپیس شامل ہیں۔ انہوں نے محکمہ کو مزید ہدایت کی کہ وہ ایک مختصر فلم تیار کرے جس میں منشیات کے مضر اثرات اور افراد اور معاشرے کو اس بڑھتے ہوئے خطرے سے بچانے کے طریقوں پر روشنی ڈالی جائے۔ایک کثیر الجہتی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئےڈلو نے کہا کہ سخت اقدامات کو نافذ کرتے ہوئے، ہمارا مقصد منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنا، منشیات کی طلب کو کم کرنا اور ایک صحت مند، محفوظ معاشرہ بنانا ہے۔آگاہی پروگرام طلباء کو روک تھام کی حکمت عملیوں کے بارے میں تعلیم دینے، ذہنی صحت کی معاونت کے کردار پر زور دینے، انسداد منشیات کی مہموں میں نوجوانوں کو شامل کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔وسیع پیمانے پر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے چیف سیکرٹری نےپولیس، صحت، سکولی تعلیم، سماجی بہبود اور دیہی ترقی کے محکموں کو ہر پنچایت کا احاطہ کرنے والی سرگرمیوں کا کیلنڈر تیار کرنے کے لیے کہا۔ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز سے جموں و کشمیر کے ہر گاؤں تک پہنچنے کے لیے ایک جامع ایکشن پلان تیار کرنے کو بھی کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور ان کو اس سنگین چیلنج سے بچانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔اس سے قبلڈلو نے ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈ ماڈرنائیزیشن پروگرام ( ڈی آئی ایل آر ایم پی ) کے تحت جے اینڈ کے کے محصولات کے دیہات کے زمینی ریکارڈ کے ڈیجیٹائزیشن کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ڈ لو نے ڈی آئی ایل آر ایم پی کے تحت زمینی ریکارڈ کی ڈیجیٹائیزیشن اور بحالی کو فروغ دینے میں یو ٹی حکومت کے عزم کی تصدیق کی اور اس کی تکمیل کیلئے افسران پر زور دیا ۔ اراضی کے ریکارڈ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل طور پر اپ ڈیٹ اور شفاف زمین کے ریکارڈ زمین کے وسائل کو بہتر بنانے اور پالیسی اور منصوبہ بندی میں مدد کیلئے مختلف ایجنسیوں کے ساتھ معلومات کا اشتراک کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کی فراہمی کی تاثیر اور کارکردگی کو بڑھانے کیلئے جغرافیائی حوالہ سے کڈاسٹل نقشوں کے ساتھ ڈیجیٹائیزڈ ریکارڈ کا انضمام ضروری ہے ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ ریونیو کے ذریعہ پیش کی جانے والی زیادہ تر خدمات کی ضمانت پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے تحت کی گئی ہے انہوں نے مختلف سطحوں پر نگرانی کی موثر خدمات کی فراہمی پر زور دیا ۔ میٹنگ کے دوران ان تک ڈی آئی ایل آر ایم پی میں پیش رفت کو اجاگر کرنے اور یہاں سے آنے والے مستقبل کے اقدامات کو اجاگر کرنے کیلئے ایک تفصیلی پیش کش کی گئی ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈی آئی ایل آر ایم پی کے سلسلے میں خاطر خواہ پیش رفت حاصل کی گئی ہے اور جمع بندی کے ڈیجیٹائیزیشن 6850دیہات میں سے 6839میں مکمل ہو چکی ہے ۔