عظمیٰ نیوزسروس
جموں//کرائم برانچ نے جوائنٹ وینچر میں جم قائم کرنے کے بہانے جموں کے ایک ڈاکٹر سے 30.50لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کے الزام میں بنگلورو کی کمپنی کے ڈائریکٹر سمیت چار ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔یہ کیس20مارچ2023کو ڈاکٹر انوج اروڑہ (ڈینٹل) ولدکے کے اروڑہ ساکن سی ۔30ایکسٹینشن گاندھی نگر جموں کی تحریری شکایت پر میسرزچیزل فٹنس ایل ایل پی کے ڈائریکٹر اور دیگر کے خلاف قابل سماعت کیس کی ابتدائی تصدیق اور اولین طور پر جرم ثابت ہونے پر درج کیا گیا ۔کرائم برانچ افسران کی ایک ٹیم نے گزشتہ ماہ بنگلورو، کرناٹک میں بھی چھاپے مارے تھے۔ٹیم نے پولیس سٹیشن ولسن گارڈن، بنگلورو اور پولیس سٹیشن اشوک نگر، بنگلورو کے افسران/ اہلکاروں کے ساتھ مل کر مکمل تلاشی لی۔ معلوم ہوا کہ 36 این آر چیمبرز رچمنڈ روڈ بنگلورو میں واقع میسرزچیزل فٹنس ایل ایل پی کا دفتری احاطہ/ عمارت گزشتہ 3-4 سال سے بند ہے۔تفتیش مکمل کر لی گئی ہے اور چار ملزمان کے خلاف قانون کی عدالت میں چالان پیش کر دیا گیا ہے جن میں بانی اور ڈائریکٹرمیسرزچیزل فٹنس ایل ایل پی ستیہ شاردول سنہا زوجہ شاردول اشوک سنہا ساکن نمبر 24کے ۔ایچ روڈ بنگلور ساؤتھ ولسن گارڈن بنگلورو کرناٹک ساکن36این آر چیمبرز، رچمنڈ روڈ، بنگلور کرناٹک،ستیہ سنہا کے بھائی ڈائریکٹر چیزل فٹنس ایل ایل پی سپلائی اینڈ چین مینجمنٹ ایل ایل پی بنگلور، کرناٹک سشیل کمار ٹونگ برم،ڈاکٹر کنگ موہن ڈائریکٹر، کارپوریٹ اینڈ لیگل افیئر ایل ایل پی بنگلور، کرناٹک اور گنگونی پورن چندرا، آرکیٹیکٹ چیزل فٹنس ایل ایل پی بنگلور، کرناٹک شامل ہیں۔سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرائم جموں بینم توش نے تصدیق کی کہ کیس کی چارج شیٹ ایف آئی آر نمبر 22/2023 عدالتی فیصلہ کے لیے عدالت میں دائر کی گئی ہے۔