عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ریاست کے مہمان نوازی کے بنیادی ڈھانچے میں ایک اہم اضافہ کرتے ہوئے جموں کے کینال روڈ پر نو تعمیر شدہ توی سٹیٹ گیسٹ ہاؤس کا افتتاح کیا۔افتتاح کے دوران وزیر اعلیٰ نے اس سہولت کا تفصیلی معائنہ کیا جس میں وی وی آئی پی سویٹس، منی سویٹس، بیڈ رومز، کانفرنس ہال اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔عہدیداروں نے انہیں جگہ مختص کرنے اور گیسٹ ہاؤس میں دستیاب جدید ترین سہولیات کے بارے میں بتایا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس سہولت کو تیار کرنے میں محکمہ ہاسپیٹلٹی اینڈ پروٹوکول کی کوششوں کو سراہا جو کہ ریاستی مہمانوں اور اعلیٰ شخصیات کی میزبانی کے لیے ایک اہم اثاثہ ہوگا۔تفصیلات دیتے ہوئے، ایک سرکاری بیان میں بتایاگیاکہ گیسٹ ہاؤس کے گراؤنڈ فلور میں پانچ سوئٹ، تین بیڈروم، 45افراد کے بیٹھنے کی گنجائش والا ایک کانفرنس ہال، ایک کچن، پینٹری اور ویٹنگ ایریا ہے۔پہلی منزل میں ایک وی وی آئی پی سویٹ، دو منی سوئٹ، دو سوئٹ، دو اضافی کمرے اور دوسرا ویٹنگ ایریا شامل ہے۔گیسٹ ہاؤس کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، جس میں ایک جدید HVAC سسٹم، آڈیو ویژول سہولیات کے ساتھ ایک فرنشڈ کانفرنس ہال، اور سہولت کے لیے 8 مسافروں کی لفٹ ہے۔