عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //محکمہ زراعت کی پیداوار کے وزیر جاوید احمد ڈار نے کل کہا کہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی ) کے کامیاب نفاذ سے جموں و کشمیر میں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں میں انقلاب آئے گا ۔ سول سیکرٹریٹ میں ایک تعارفی اور جائیزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈار نے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے اور آنے والے برسوں میں جموں و کشمیر میں پائیدار 100000 کروڑ روپے کی زرعی معیشت کو حاصل کرنے کی صلاحیت پر زور دیا ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فلیگ شپ پروگرام اور اسکیموں کو براہ راست کسانوں تک پہنچائیں ، ہائیبیریڈ اور غیر ملکی شجر کاری کے ذریعے فصل کی پیداواراور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کریں ۔ انسانی وسائل کے خلاء کو دور کرتے ہوئے وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ زرعی ، باغبانی اور جانوروں کے پالنے کے شعبوں میں گزٹیڈ اور نان گزٹیڈ دونوں طرح کی خالی آسامیوں کو پُر کریں ۔ وزیر موصوف نے پودے لگانے کے مواد ، بیج کی اقسام اور فصل کی مختلف اقسام میں خود کفالت حاصل کرنے کیلئے پی ایم فصل بیمہ یوجنا ، راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا اور دیگر اسکیموں کے بارے میں جارحانہ بیداری مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا ۔