یو این آئی
نئی دہلی//راجدھانی کے بھارت منڈپم میں منگل سے شروع ہونے والی چار روزہ عالمی ٹیکسٹائل نمائش و کانفرنس’بھارت ٹیکس 2026‘اس بار اپنے گزشتہ دونوں ایڈیشنوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ وسیع اور بڑے پیمانے پر منعقد کی جا رہی ہے۔ اس میگا ایونٹ میں 20ہزار سے زائد مصنوعات کی نمائش کی جائے گی، جبکہ تقریبا 1.30 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔حکومت ہند کے تعاون سے ٹیکسٹائل صنعت اور اس سے وابستہ برآمدات کے فروغ کی مختلف کونسلوں کے اشتراک سے بھارت ٹیکس ٹریڈ فیڈریشن (بی ٹی ٹی ایف)اس نمائش کا انعقاد کر رہی ہے۔
افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر ٹیکسٹائل گری راج سنگھ شرکت کریں گے، جبکہ وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل پوترا مارگریٹا، ٹیکسٹائل سکریٹری نیلم شمی را، وزارت کے اعلی حکام، مختلف ریاستوں کے نمائندے، غیر ملکی وفود اور صنعتی شخصیات بھی موجود ہوں گی۔کانفرنس میں پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی ڈاکٹر موہن یادو نے بھی شرکت کی تصدیق کی ہے۔ اس کے علاوہ سری لنکا، روس اور نیوزی لینڈ کے وزارتی وفود بھی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔بھارت ٹیکس ٹریڈ فیڈریشن کے عہدیداروں نے پیر کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ 14 سے 17 جولائی تک جاری رہنے والی اس نمائش میں بھارت کی مکمل ٹیکسٹائل ویلیو چین کو ایک عالمی پلیٹ فارم پر پیش کیا جائے گا۔ تقریبا 16 لاکھ مربع فٹ پر محیط اس نمائش میں 1,600 سے زیادہ نمائش کنندگان اپنی مصنوعات پیش کریں گے اور 20 ہزار سے زائد مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ اب تک 60 ہزار سے زائد تجارتی زائرین آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔بی ٹی ٹی ایف کے صدر نریندر گوئنکا نے کہا کہ اس ایونٹ میں ہزاروں نمائش کنندگان، 7 ہزار بین الاقوامی خریدار اور 20 سے زائد ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے، جو اسے اب تک کا سب سے بڑا بھارت ٹیکس ایڈیشن بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام وزارتِ ٹیکسٹائل، برآمدی فروغ کونسلوں اور صنعتی تنظیموں کے باہمی تعاون کا بہترین نمونہ ہے۔