عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار سنگھ چودھری نے کل کہا کہ حکومت نوجوانوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے ایک متحرک ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے لئے نوجوانوں کے مختلف اَقدامات کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ وہ اَپنی آمدنی پیدا کرنے والے یونٹ قائم اور دوسروں کے لئے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں۔نائب وزیراعلیٰ ہیری ٹیج کرافٹ اِنسٹرکٹروںکے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی تھی۔ اُنہوں نے نوجوانوں کو سٹارٹ اَپ اور نوجوانوں کے روزگار کی سکیموں کے لئے سہولیت فراہم کرنے کے لئے آئی ٹی آئی میں داخلے کے عمل کو اوپن کرنے سمیت مختلف امور پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے وفود کو یقین دِلایا کہ ان کی طرف سے اُجاگرکردہ تمام مسائل کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو سٹارٹ اَپ پروگراموں اور خود روزگار پیدا کرنے والی سکیموں کے لئے سہولیت فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔