عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/آل پارٹیز سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینہ نے کہا کہ کشمیر کی سیاسی جماعتیں ریاستی عوام کی خدمت کرنے میں ناکام رہی ہیں۔جموں کے نانک نگر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رینہ نے کہا کہ کشمیر کی مقامی سیاسی جماعتیں لوگوں کے بنیادی مسائل تک کو حل کرنے میں ناکام رہی ہیں جبکہ ان کی ساری توجہ صرف اپنے مفادات پر مرکوز رہی۔انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں کو سرکاری محکموں میں ایک لاکھ سے زیادہ خالی آسامیوں کا علم تھا، لیکن انہیں پر کرنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔
کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کا مقصد صرف اپنے مفادات کا حصول تھا ۔ مرحوم شیخ عبداللہ نے اپنے بیٹے فاروق عبداللہ کو جموں و کشمیر کے لوگوں پر حکمرانی کرنے کے لیے آگے بڑھایا، بعد میں فاروق نے اقتدار اپنے بیٹے عمر عبداللہ کو سونپ دیا اور اب عمر کے بیٹے انتخابی جلسوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے لیے اسٹیج تیار ہے، جبکہ دوسری طرف بے روزگار نوجوان اب بھی مشکلات میں ہیں اور اپنے خاندانوں کی کفالت کرنے سے قاصر ہیں۔کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی بھی جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس سے مختلف نہیں ہے اور خطے میں اقربا پروری اور خاندانی سیاست پر عمل پیرا ہے۔
پی ڈی پی کے بانی مرحوم مفتی محمد سعید نے اپنی بیٹی محبوبہ مفتی کو اس لیے متعارف کرایا تاکہ کوئی باہر والا پارٹی میں اہم عہدہ حاصل نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی خاندان کی تیسری نسل بھی انتخابی سیاست میں داخل ہو چکی ہے، کیونکہ محبوبہ کی بیٹی، التجا مفتی بیج بہاڑہ اسمبلی سیٹ سے انتخابات لڑ رہی ہیں۔
ایک طرف سیاسی جماعتیں اپنے عزیزوں کو سیاست میں متعارف کرانےمیں مصروف ہیں، جبکہ دوسری جانب تعلیم یافتہ، بے روزگار نوجوان اب بھی بے روزگار ہیں۔ ان علاقائی جماعتوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے بے روزگاری کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا ۔
کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نوجوانوں کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں ہوشیار رہنا چاہیے اور ان امیدواروں کو ووٹ دینا چاہیے جو ان کے مسائل حل کر سکیں۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ روایتی جماعتوں کے جھوٹے نعروں سے گمراہ نہ ہوں اور ایسے نئے لوگوں کو موقع دیں جو ان کی مدد کے لیے آگے آ سکیں۔
رینہ نے کہا کہ سیاحت، ماہی گیری، باغبانی، ریشم کی صنعت اور دیگر شعبے نوجوانوں کے لیے روزگار فراہم کر سکتے ہیں، لیکن اقتدار میں موجود لوگوں میں دوسروں کی زندگی بہتر کرنے کی طاقت کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ APSCC کے پاس جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی بے روزگاری کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ موجود ہے۔
این سی اور پی ڈی پی کی اقربا پروری نے کشمیریوں کو حاشیے پر پہنچا دیا: سکھ تنظیم